سعودی فورسز کی بڑی کارروائی ، 4 من چرس کی اسمگلنگ ناکام بنادی

مختلف گینگز میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا‘ 17 مقامی اور 9 غیرملکی شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اکتوبر 2021 10:48

سعودی فورسز کی بڑی کارروائی ، 4 من چرس کی اسمگلنگ ناکام بنادی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 اکتوبر 2021ء ) سعودی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 من چرس کی اسمگلنگ ناکام بنادی ، مختلف گینگز میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان میں 17 مقامی اور 9 غیرملکی شامل ہیں۔ عرب میڈیا نے سعودیہ کی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ترجمان کرنل مسفر القرینی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد جرائم اور انسداد منشیات پولیس نے دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر بیرون ملک سے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنائی ، اس دوران 161 کلو گرام چرس اور 26 اعشاریہ 3 ٹن قات قبضے میں لی گئی ، مذکورہ منشیات جازان ، نجران اور عسیر کے علاقوں میں زمینی پٹرولنگ کے دوران قبضے میں لی گئیں۔

کرنل مسفر القرینی کے مطابق اس کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ کے مختلف گینگز میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، جن میں 17 مقامی اور 9 غیر ملکی ہیں ، غیرملکیوں میں 6 کا تعلق ایتھپوپیا اور 3 کا یمن سے ہے ، گرفتاری کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 23 ستمبر کو بھی 196 کلو چرس سمگل کرنے کی کوشش پر ایک سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا ، ملزم نے منشیات چھپانے کے لیے گاڑی میں خفیہ خانہ بنایا ہوا تھا ، جازان میں سعودی حکام نے ایک شہری کو 196 کلو گرام چرس اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے ، منشیات کو سمگل کرنے کے مقصد کے لیے ملزم نے اپنی 40 کی دہائی کی گاڑی میں خفیہ خانہ بنایا تھا جہاں اس چرس کو چھپایا گیا تھا ، سکیورٹی رجمنٹ کے گشت کے دوران پکڑے گئے شہری کے قبضے سے نارکوٹک پلانٹ کھٹ کے تین پیکجز ، بغیر لائسنس پستول اور چھ گولیاں بھی ضبط کی گئیں جب کہ مذکورہ شخص کو ریمانڈ پر دے دیا گیا۔