میرے بارے میں غلط خبریں نہ پھیلائیں، عمر اکمل کی درخواست

ٹیسٹ کرکٹر چند روز قبل امریکہ روانہ ہوگئے تھے جہاں وہ مقامی کرکٹ کھیل رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اکتوبر 2021 12:10

میرے بارے میں غلط خبریں نہ پھیلائیں، عمر اکمل کی درخواست
نیویارک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اکتوبر 2021ء ) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے سوشل میڈیا پر اپنے حوالے سے زیر گردش خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمر اکمل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے درخواست ہے کہ میرے بارے میں غلط خبریں مت پھیلائیں‘ ۔
واضح رہے کہ عمراکمل چند روز قبل امریکہ روانہ ہوگئے تھے جہاں وہ مقامی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ عمر اکمل پاکستان چھوڑ کر مستقل طور پر امریکہ چلے گئے ہیں اور وہ مزید کرکٹ امریکہ میں ہی کھیلیں گے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمر اکمل امریکہ میں اپنے پہلے ہی میچ میں صفر پر آئوٹ ہوگئے ہیں ۔
عمراکمل کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ کن خبروں کو نہ پھیلانے کی بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عمر اکمل نے امریکہ میں ناردرن کیلیفورنیا کرکٹ ایسوسی ایشن سے معاہدہ کیا ۔ وہ معاہدہ کرنے کے بعد کیلی فورنیا زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پاکستان میں مختلف تنازعات کا شکار رہنے والے 31 سالہ عمر اکمل نے اپنے پہلے میچ میں 4 اوورز بھی کرائے لیکن اس میں بھی انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔