وزیراعظم سکاٹ موریسن پر تنقید،مائیکل سلیٹر کو چینل سیون کے کمنٹری پینل سے نکال دیا گیا

51 سالہ مائیکل سلیٹر نے 5 ماہ قبل سوشل میڈیا پر کووڈ 19 کے ٹریول پروٹوکولز پر وزیراعظم پر تنقید کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اکتوبر 2021 12:25

وزیراعظم سکاٹ موریسن پر تنقید،مائیکل سلیٹر کو چینل سیون کے کمنٹری ..
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اکتوبر 2021ء ) سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر کو آسٹریلوی سپورٹس چینل ’چینل سیون‘ کے کمنٹری پینل سے نکال دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی ٹی وی نے مائیکل سلیٹر کو وزیراعظم سکاٹ موریسن پر تنقید کرنے پر ہٹایا گیا ہے۔ 51 سالہ مائیکل سلیٹر نے 5 ماہ قبل سوشل میڈیا پر کووڈ 19 کے ٹریول پروٹوکولز پر وزیراعظم پر تنقید کی تھی۔

سلیٹر نے اس وقت ٹویٹ کیا تھا کہ ’’اگر ہماری حکومت آسٹریلین شہریوں کی حفاظت کے بارے میں اتنی ہی فکرمند ہوتی تو وہ ہمیں گھر جانے کی اجازت دیتی، یہ ہماری رسوائی کے مترادف ہے۔ مائیکل سلیٹر نے مزید کہا کہ وزیراعظم سکاٹ موریسن،آپ کے ہاتھوں پر خون ہے، آپ کی ہمت کیسے ہوئی کہ ہم سے ایسا سلوک کریں، آپ قرنطینہ نظام کو کیسے حل کریں گے؟،انہوں نے مزید کہا کہ مجھے آئی پی ایل میں کام کرنے کی سرکاری اجازت تھی لیکن اب مجھے حکومت کی جانب سے نظرانداز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ میں یہ سب پیسے کے لیے کہہ رہا ہوں میں انہیں کہتا ہوں کہ یہ میری روزی روٹی ہے، براہ کرم زیادتی بند کریں اور ہر روز بھارت میں ہزاروں مرنے والوں کے بارے میں سوچیں، اسے ہمدردی کہتے ہیں۔ کاش ہماری حکومت بھی ہماری ہمدرد ہوتی ۔ مبینہ طور پر مائیکل سلیٹر کی یہ تنقید ساتھی کرکٹرز اور چینل 7 کے ایگزیکٹوز کو پسند نہیں آئی تھی ۔

سکاٹ موریسن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سلیٹر کی جانب سے میرے ہاتھوں پر خون ہونے کا الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔ یاد رہے کہ مائیکل سلیٹر نے 1993ء سے 2001ء کے دوران آسٹریلیا کے لیے 74 ٹیسٹ اور 42 ایک روزہ میچ کھیلے اور مجموعی طور پر 14 سنچریوں کی مدد سے 6299 رنز سکور کیے۔ انہوں نے 3 سال پہلے چینل 7 کی ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے چینل 9 کی کمنٹری ٹیم میں رچی بینو اور بل لاری کے ساتھ کام کیا۔ دوسری جانب ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کے مسائل کی وجہ سے مائیکل سلیٹر کے ساتھ راہیں جدا کرنا پڑی ہیں ۔ ٹی وی انتظامیہ نے مزید کہا کہ مائیکل سلیٹر بہت باصلاحیت ہیں ، وہ ہماری ٹیم کا اہم حصہ تھے، فنانشل مینجمنٹ کے علاوہ مائیکل سلیٹر سے الگ ہونے کی کوئی اور وجہ نہیں ہے۔