نواز شریف کے بعد ان کی مرحومہ اہلیہ کو کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری کا انکشاف

مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو سائنو ویک کی پہلی ڈوز 5 اکتوبر کو لگائی گئی ، دوسری ڈوز کیلئے 6 نومبر کو بلایا گیا اسحاق ڈارکو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری ،یہ انٹری ملتان کے ہیلتھ یونٹ میں کی گئی، محکمہ پنجاب نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا

بدھ 6 اکتوبر 2021 20:52

نواز شریف کے بعد ان کی مرحومہ اہلیہ کو کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری ..
میلسی /وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2021ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد ان کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع محکمہ صحت پنجاب کے مطابق مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو ویکسین لگانے کی جعلی انٹری میلسی میں کی گئی۔ نجی ٹی و ی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو سائنو ویک کی پہلی ڈوز 5 اکتوبر کو لگائی گئی جبکہ دوسری ڈوز کیلئے 6 نومبر کو بلایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو تین سال ہوچکے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری سامنے آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارکو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری کی گئی اور یہ انٹری ملتان کے ہیلتھ یونٹ میں کی گئی۔محکمہ صحت پنجاب نے ایف آئی اے کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا ہے جس میں جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے بعد نارووال اور خیر پور ٹامیوالی میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کیا گیا تھا۔