فیس بک کی سوشل میڈیا معاشرے میں نفرت اور تقسیم کو فروغ دینے کی تردید

کمپنی پر مالی منافع کومقدم رکھنے کے الزامات محض جھوٹ ہیں،فیس بک بانی مارک زکربرگ

جمعرات 7 اکتوبر 2021 11:10

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2021ء) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سوشل میڈیا معاشرے میں نفرت اور تقسیم کو فروغ دیتی ہے یا اس سے بچوں کو نقصان پہنچتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی پر مالی منافع کومقدم رکھنے کے الزامات محض جھوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

فیس بک کے بانی کا کہنا تھاکہ یہ دلیل کہ کمپنی جان بوجھ کر ایسے مواد کو فروغ دے رہی ہے جو لوگوں کو مالی منافع حاصل کرنے کے لیے ناراض کرتا ہے ، مکمل طور پر غیر معقول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اشتہارات سے پیسہ کماتے ہیں اور مشتہرین ہمیں بتاتے رہتے ہیں کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے اشتہارات کسی بھی بدنیتی یا اشتعال انگیز مواد کے ساتھ دکھائے جائیں۔زکربرگ نے مزید کہا کہ میں کسی بھی ٹیک کمپنی کے بارے میں نہیں جانتا جو ایسی مصنوعات بناتی ہے جو لوگوں کو ناراض یا افسردہ کرتی ہے۔ تمام اخلاقی اور تجارتی مراعات اور مصنوعات مخالف سمت کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔