کلثوم نواز اور اسحاق ڈٓار کی جعلی ویکسی نیشن انٹری کرنے والا گرفتار

ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کرنے والے ڈسپنسر عاشق حسین کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اکتوبر 2021 11:32

کلثوم نواز اور اسحاق ڈٓار کی جعلی ویکسی نیشن انٹری کرنے والا گرفتار
ملتان ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 07 اکتوبر 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز اور ن لیگی رہنماء اسحاق ڈٓار کے نام سے کورونا کی جعلی ویکسی نیشن انٹری کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویکسینیشن کی جعلی انٹری کرنے والے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرفتار کیا گیا ، جس کی شناخت ڈسپنسر عاشق حسین کے نام سے ظاہر کی گئی ہے ، مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی والدہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا اندراج 5 اکتوبر کو وہاڑی کے ویکسی نیشن سینٹر جمنازیم میلسی میں کیا گیا جب کہ سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے رہنماء اسحاق ڈار کو کنسائنو ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کا اندراج بھی 5 اکتوبر کو ہی ملتان کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کے دفتر میں قائم ویکسی نیشن سینٹر میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کو تیسری مرتبہ کورونا کی ویکسی نیشن لگنے کا جعلی اندراج کیا گیا تھا ، پہلی مرتبہ گذشتہ ماہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کی خبر آئی تھی ، محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا ، جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا گیا ، اندراج میں نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ، جب کہ دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو بھی بلایا گیا ہے ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں ایک اور ویکسین کین سائنو لگنے کے معاملے پر محکمہ صحت کا رد عمل آیا، محکمہ صحت نے نواز شریف کی ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کو شرارت قرار دے دیا ، محکمہ صحت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی انٹری کا ڈیٹا ہٹا دیا اور کہا کہ جعلی انٹری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، چار اکتوبر کو ہی سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا ویکسین کی تیسری جعلی انٹری بھی کی گئی تھی اور نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی ڈوز 22 ستمبر، سائنوکین کی پہلی ڈوز3 اکتوبر اور آج 4 اکتوبر کو سائنو ویک کی پہلی ڈوز کی پھر انٹری کی گئی جس کا ڈیٹا محکمہ صحت نے ہٹا دیا تھا۔