Live Updates

رحمان ملک کی کراچی آمد، عمر شریف کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت

عمر شریف کو ان کی خدمات اور بہترین کارکردگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سابق وفاقی وزیر داخلہ

جمعرات 7 اکتوبر 2021 22:35

رحمان ملک کی کراچی آمد، عمر شریف کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2021ء) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک نے جمعرات کو کراچی کا دورہ کیا اور پاکستان کے 'کامیڈی کے بادشاہ' عمر شریف کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ عمر شریف مرحوم کے بیٹے جواد عمر سے ملاقات کے دوران رحمان ملک نے کہا کہ عمر شریف کو ان کی خدمات اور بہترین کارکردگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں پیش کیا۔

عمر شریف کے گھر کے باہر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وہ ایک ایسے لیجنڈ کے گھر میں آئے ہوئے ہیں جنہیں پوری دنیا نے 'کنگ آف کامیڈی' کا خطاب دیا۔ انھوں نے کہا کہ عمر شریف سے وہ پہلی بار کراچی یونیورسٹی میں ملے تھے جہاں معین اختر کے ہمراہ انھوں نے ایک نوجوان فنکار کے طور پر پرفارم کیا تھا اور ہمیں اندازہ ہوا تھا کہ ایک دن یہ بہت بڑا مقام پیدا کرئیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم عمر شریف نے ہمیشہ اپنے فن اور کارکردگی کے ذریعے اپنے ملک اور عام آدمی کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت کی اور ہمیشہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر شریف نے فنکاروں کی مدد کے لیے ایک ہسپتال بنانے کے لیے ایک ٹرسٹ شروع کیا ہے جو زیر تعمیر ہے اور مخیر حضرات اور دیگر لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عمر شریف کے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کے لیے جواد عمر کی دل کھول کر مدد کریں۔

انہوں نے اس سلسلے میں جواد عمر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔رحمان ملک نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنی پوری کوشش کی اور امریکہ میں اس کے علاج کے تمام انتظامات کیے لیکن اللہ کے مقرر کردہ وقت کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان سے مطالبہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ عمر شریف فانڈیشن کو ہسپتال کا کام مکمل کرنے میں مدد کرے اور ان کی بے مثال کارکردگی پر انہیں اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو دیکھنا چاہیے کہ افغانستان کے اندر کیا ہورہا ہے کیونکہ وہاں مکمل بدامنی ہے اور روزمرہ اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت ہے۔ پاکستان کی مالی عدم استحکام اور مسلسل مہنگائی میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نیکہا کہ حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ غریبوں کو ریلیف دینے کے لئے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے دو سلیب بنائے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سندھ میں حکومت بنانے کی کوشش کی ہے اور لیکن پی پی پی مضبوط ہے، مضبوط رہیگی اور دوسرے صوبوں میں بھی اسی طرح مضبوط ہوگی اور اگلی حکومت انشااللہ پی پی پی کی ہوگی۔عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے والد نے ملک اور اس کے لوگوں کی خدمت کی اور ان کے پیغام نے پاکستانی عوام میں بیداری پیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والد ایک سچے پاکستانی اور سفیر تھے جو جہاں بھی جاتے پاکستان کے بارے میں بات کرتے تھے۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ عمر شریف کے شروع کردہ ہسپتال کو مکمل کرنے میں اس کی مدد کریں۔رحمان ملک کے ہمراہ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم بھی شریک تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات