خاتم النبین حضرت محمدؐ کی ولادت کا جشن عقیدت و احترام سے منانے کیلئے تمامتر انتظامات مکمل کیے جائیں،ڈپٹی کمشنرحیدرآباد

جمعرات 7 اکتوبر 2021 22:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2021ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 ربیع الاول سے پہلے ہی تمام تر انتظامات کو مکمل کرلیں تاکہ خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا جشن مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جا سکے۔وہ شہباز ہال حیدرآباد میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، ڈی سی فواد سومرو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ربیع الاول سے قبل ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ لائیٹنگ کا بھی موثر انتظام کریں تاکہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے پروگراموں کا انعقاد بہتر طریقے سے ہو سکی. انہوں نے واسا کیافسران کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہے ایسے فوری طور پر حل کیا جائے اور وہاں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نے حیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ربیع الاول کے دوران لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نظام کو بہتر بنائیں، انہوں نے پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ ربیع الاول کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے موثر پلان تشکیل دیا جائے تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تعلقوں میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے اجلاس منعقد کر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو یقینی بنائیں، اجلاس میں مذہبی تنظیموں کے رہنمائوں اور علمائے کرام کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر ایچ ایم سی الطاف حسین ساریو، ایم ڈی واسا زاھد کھیمٹیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قائم اکبر نمائی اے سی سٹی مطاہر امین وٹو، اے سی لطیف آباد فاطمہ صائمہ احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔