پاکستان کاٹن کی پیداوار کے حوالے سے دنیا بھر میں چوتھے اور سپننگ کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے،دیگر ممالک کی طرح ہمیں بھی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہو گی،چیئرمین پٹیا

جمعہ 8 اکتوبر 2021 12:28

پاکستان کاٹن کی پیداوار کے حوالے سے دنیا بھر میں چوتھے اور سپننگ کے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2021ء) پاکستان کاٹن کی پیداوار کے حوالے سے دنیا بھر میں چوتھے اور سپننگ کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے مگراگلے 20سے 25سال تک سپننگ ختم ہونے کی جانب رواں دواں ہونے کے باوجود ہمارا فوکس اب بھی سپننگ پر ہی ہے لہٰذا دیگر ممالک کی طرح ہمیں بھی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہو گی نیز ٹیکس پالیسی میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مناسب اصلاحات اور توانائی کے بحران سے نجات کیلئے تمام ممکن اقدامات کوبھی یقینی بنانا ہوگا۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پٹیا  کے چیئرمین محمد احمدنے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کے معیار کو بلند کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ تجارتی آرڈرز پر زرمبادلہ حاصل کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو حال ہی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ماہرین اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کی جانب سے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کیلئے جو مفید ریسر چ اور تجاویز پیش کی گئی ہے ان سے استفادہ کیلئے بھر پور اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں دنیا کے دیگر ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے ویلیو ایڈیشن پرخصوصی توجہ دیناہوگی۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس پالیسی پر عملدرآمد کی کوشش سمیت چند معاملات ایسے ہیں جن پر مزید مشاورت کے ذریعے فیصلوں کویقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ بلٹ پروف جیکٹس سمیت اسی اقسام کی دیگر مصنوعات کی تیاری کیلئے ملکی سطح پر منصوبے لگائے جائیں تاکہ نہ صرف مقامی سطح پر ان پراڈکٹس کی تیاری سے لوگوں کو نہ صرف  روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی بچایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت صنعتی شعبہ کی مشاورت سے ایسے اقدامات یقینی بنائے جس سے صنعت وحرفت کو دوام اور ترقی حاصل ہو۔