وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12ربیع الاول تک"شان رحمت اللعالمین ؐ"کے عنوان سے شایان شان میں تقریبات کا اعلان

جمعہ 8 اکتوبر 2021 15:40

وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12ربیع الاول تک"شان رحمت ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 12ربیع الاول 19 نومبر تک"شان رحمت اللعالمینؐ ؐ"کے عنوان سے شایان شان تقریبات کے انعقادکا اعلان کیا گیا ہے جن میں محافل میلاد، محافل سماع،نعتیہ مشاعرہ،مقابلہ جات حسن قرأت، نعت و تقریری،قرآنی خطاطی، رحمتہّ اللعالمین ؐ کانفرنس،سیرت کانفرنس و دیگر خصوصی پروگرام شامل ہیں۔

اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے شان رحمت اللعالمینؐکی تقریبات سمیت سیکورٹی و دیگر ضروری انتظامات کے حوالہ سے اجلاس کی صدرات کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز سمیت محکمہ تعلیم، صحت، سوشل ویلفیئر، چیف آفیسرز میٹروپولیٹن کارپوریشن، تحصیل کونسل و میونسپل کمیٹیز، سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ حضورؐ کی ولادت با سعادت تمام امت مسلمہ کیلئے باعث سعادت ہے جنہوں نے اپنی تعلیمات میں امن،رواداری اور پوری انسانیت کیلئے بھائی چارے کا درس دیا اور ہمیں انہیں اصولوں کی پیروی کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ربیع الاول کے مقدس مہینے میں ''ہفتہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم ''کے سلسلہ میں ضلع بھر میں شایان شان تقریبات کے انعقاد کے حوالہ سے شیڈول ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت ہفتہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کا سلسلہ 12 ربیع الاول تک جاری رہے گااوراس دوران تعلیمی اداروں میں قرآنی خطاطی، نعتیہ وتقریری مقابلہ جات ہونگے جن میں پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو انعامات دئیے جائیں گے۔

انہوں نے چیف افسران اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نگرانی میں صفائی آپریشن مکمل کروائیں اورتجاوزات سمیت دیگر رکاوٹوں کو فوری ہٹایا جائے۔ انہوں نے دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلہ مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنائیں۔