ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہوگی: دانش کنیریا

بھارتی ٹیم کے پاس سوریا کمار یادو ، ایشان کشن ، رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑی ہیں ،انہیں کیسے آئوٹ کریں گے: سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 اکتوبر 2021 16:44

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہوگی: دانش کنیریا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اکتوبر 2021ء ) سابق پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے ساتھی کرکٹر عبدالرزاق پر تنقید کی ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں سابق لیگ سپنر نے عبدالرزاق کی جانب سے بھارت کو شکست دینے کے دعوے پر حیرت کا اظہار کیا۔ دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ اور بولنگ میں استحکام نہیں ہے۔

رزاق کا کہنا ہے کہ کوہلی اور روہت کو آؤٹ کریں اور اس بھارتی ٹیم کو پکڑنا آسان ہو جائے گا،یہ بکواس بات ہے، آپ اس بھارتی ٹیم کو کیسے پکڑیں ​​گے؟ ۔ دانش کنیریا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی تشکیل میں مسائل ہیں۔ آپ کی بیٹنگ کہاں ہے ، آپ کون میچ جیتے گا؟ ،انگلینڈ کی بی ٹیم نے ہمیں شکست دی ،سلیکشن میں خرابیاں نظر آرہی ہیں، یہ ایک بہت ہی ناقص بیان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بین الاقوامی سطح کے کرکٹر سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی جس کا قد پاکستان میں بھی بہت زیادہ ہے، پاکستان پر بھارت کی بالا دستی کا سب کو علم ہے۔ دانش کنیریا نے کہا کہ بھارتی ٹیم ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ان کے پاس سوریا کمار یادو ، ایشان کشن ، رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑی ہیں ، آپ انہیں کیسے آئوٹ کریں گے؟۔

اس سے قبل بھی عبدالرزاق نے بھارتی پیسر جسپریت بمراہ پر تبصرہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد میں نے کبھی کسی بائولر کو بمراہ کی طرح یارکر کرتے ہوئے نہیں دیکھا، پاکستان میں ایسا باؤلر کوئی پیدا نہیں ہوا جو بمراہ جیسے یارکرز کرسکے، اس کی بولنگ شاندار ہے، کوئی بھی پاکستانی بولر بمراہ کے قریب نہیں پھٹکتا۔