حکومت کے تین سالہ دور میں جعفرآباد سمیت صوبے بھر میں اربوں کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کو پہنچے ،میر عمر خان جمالی

کثیر رقم سے مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے ثمرات سے عوام تادیر مستفید ہوتے رہیں گے ، وزیر ٹرانسپورٹ بلوچستان

جمعہ 8 اکتوبر 2021 17:25

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بین الصوبائی امور میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی تین سالہ دور میں جعفرآباد سمیت صوبے بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کو پہنچے کثیر رقم سے مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے ثمرات سے عوام تادیر مستفید ہوتے رہیں گے تعلیم صحت لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر محکموں میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت دیکر باعزت روزگار مہیا کیا گیا جن سے انکا معیار زندگی بہتر ہوگا اور اپنے خاندان کے کفیل ہوگئے حکومت کی ترجیحات ہیں کہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ رہے عوام بنیادی سہولیات سے مستفید ہوں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حلقہ پی بی 13 میں اسکولوں کی نئی عمارتوں کی تعمیر اپگریڈیشن سمیت رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کیے گئے ہیں جن پر کام شروع ہوچکا ہے ہمارا وڑن تعلیم و صحت کی سہولیات عوام کو دہلیز پر فراہم کرنا ہے جس پر کام کر رہے ہیں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں اپنے دور حکومت میں عوام کے اجتماعی بھلائی کے ان منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے جن کا فائدہ براہ راست عوام کو اجتماعی طور پر ہوگا انفرادی طور پر کسی کو خوش کرنا ہماری پالیسی کا حصہ نہیں حلقے کے عوام نے اعتماد کیا انکے اعتماد کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں تاکہ عوام اور ہمارا تعلق مضبوط سے مضبوط تر رہے میرے والد الحاج میر ظفر اللہ خان جمالی کا وڑن بھی یہی تھا کہ عوام کے ساتھ تعلق کو مستحکم بنائے رکھنا ہے میر عمر خان جمالی نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح کے عوام کو صحت کی معیاری سہولت کی فراہمی کے لیے دس کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام جاری ہے تکمیل سے عوام کو علاج معالجے کے لیے کسی دوسرے شہر جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی جن اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال تھیں انکی نئی عمارتیں بنائی جارہی ہیں رابطہ سڑکوں سے دیہی علاقوں کو شہر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے عوام کو آمدورفت اور زرعی اجناس کی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنایا گیا۔