میگا ایونٹ میں بھارت کے ساتھ نیوزی لینڈ کو بھی ہرانا ہے: حسن علی

ورلڈ کپ سے پہلے کوچز کی تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے تھی، وقار یونس کو ہونا چاہیئے تھا لیکن مینجمنٹ کی تبدیلی ہمارے ہاتھ میں نہیں: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 10 اکتوبر 2021 14:28

میگا ایونٹ میں بھارت کے ساتھ نیوزی لینڈ کو بھی ہرانا ہے: حسن علی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اکتوبر 2021ء ) فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اب صرف بھارت کو ہی نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کو بھی ہرانا ہے۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں حسن علی نے کہا کہ میگا ایونٹ کے آغاز میں ہی پاکستان ٹیم کے دونوں میچز بڑے اہم ہیں، بھارت کے خلاف میچ کی شہرت تو ہمیشہ ہوتی ہے اب نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے بھی بہت چرچے ہورہے ہیں کیوں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اچانک پاکستان کا دورہ ختم کرکے گئی ہے، بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرکے میگا ایونٹ کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی ہرائیں گے، رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن کوشش ہمارے ہاتھ میں ہے جو ہم کریں گے، کھلاڑی پر ہر میچ کا دباؤ ہوتا ہے، ہم پروفیشنل ہیں اور دباؤ سے نکلنا جانتے ہیں، متحدہ عرب امارات میں سلو پچز ہوتی ہیں ،لو سکورنگ میچز ہوں گے، 170 تک سکور بن جاتا ہے ، ٹیم میں میرا رول سادہ سا ہے کہ رنز روکنے اور وکٹیں لینی ہے۔

(جاری ہے)

فاسٹ بولر نے میگا ایونٹ سے پہلے کوچز کی تبدیلی کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورنن فلینڈر سے ملاقات ہوئی ہے اگرچہ انہوں نے ٹی ٹونٹی زیادہ نہیں کھیلی لیکن وہ اچھے بولر ہیں، میگا ایونٹ سے پہلے کوچز کی تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے تھی، وقار یونس کو ہونا چاہیئے تھا لیکن مینجمنٹ کی تبدیلی ہمارے ہاتھ میں نہیں یہ بدقسمتی ہے، میں نے وقار یونس سے بہت سیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارے پاس وقت ہے کوشش ہو گی کہ جہاں کام کی ضرورت ہے کریں گے، تاخیر سے تبدیلیوں کی وجہ سے فرق نہیں پڑے گا ہمارا اچھا کمبی نیشن بنے گا، ٹیم میں سینئرز کا کردار بڑا اہم ہوتا ہے بہت اچھا ہے کہ ہمارے پاس تین چار بڑے کھلاڑی ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہم اچھا کھیل کر ٹرافی جیتیں گے ،میں نے جیت کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ہم پوری کوشش کر کے ٹرافی جیتیں گے۔