Live Updates

پاکستان کا عظم فرزند ڈاکٹرعبدالقدیر خان آج ہم سے بچھڑ گئے، آج ہر پاکستانی افسردہ ہے،جمشید اختر شیخ

ہر آنے والا سورج نئے مسائل کے ساتھ طلوع ہوتاہے،حکمران کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں،نائب صدراسلام چیمبر آف کامرس

اتوار 10 اکتوبر 2021 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2021ء) اسلام آباد چیمبر کے کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب سنیئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے کہاہے کہ پاکستان کا عظیم فرزندڈاکٹرعبدالقدیر آج ہم سے بچھڑ گئے،آج ہر پاکستانی افسردہ ہے ،پاکستانی عوام کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر قومی علامت تھے، قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مقروض رہے گی،ان کی پاکستان کا دفاع مضبوط کرنے کیلئے گراںقدرخدمات سرانجام ہیں،انہوں نے پاکستان کونیوکلیئر ملک بنانے میںاہم کرداراداکیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان شراکت داری بہترین معاشی نتائج کی حامل ہوگی، حکومت کاروباری برادری کی اہمیت تسلیم کرے،معاشی سرگرمیوں میں اس کی شمولیت یقینی بنائے اورا سکی تجاویز کو اپنی تجارتی ومعاشی پالیسیوں کاحصہ بناناچاہئیے،کاروباری برادری کی مشاورت کے بغیر ٹیکس قوانین میں ترمیم نامنظور ہے، ایف بی آر کو وسیع اختیارات دے کر آئین کی خلاف ورزی کی جار ہی ہے،ٹیکس سسٹم میں اصلاحات اور ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کیلئے ملک کے تمام ٹریڈچیمبرز او رایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیناچاہئیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل چیمبر کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی،چیمبر خطے کی تمام تاجرتنظیموں کودرپیش مسائل سے آگاہ اور حکومتی سطح پر ان مسائل کے حل کیلئے چیمبر ماضی کی طرح اپنا بھرپور کردارادا کرتا رہے گا،تاجربرادری اور چیمبرممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ان کے منشور کا حصہ ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی وویمن چیمبر کی سابق صدر نیلم خالد کی قیادت میں آئے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔نیلم خالد نے صدر اور دیگر عہدیداروں کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکبادپیش کی۔ملاقات میں محمد نوید ملک بھی موجود تھے۔اس موقع پرجمشید اخترشیخ نے مزید کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 72پیسے فی یونٹ اضافے سے کونسے خزانے بھرے جار ہے ہیں، عمران نیازی بجلی کے نرخوں میں اضافے پر سول نافرمانی کا لیکچر دیتے تھے،آج پاکستان میں بجلی کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے،عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بلوں سے پریشان ہیںمگرنالائق کی نشانی یہ ہے کہ وہ اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈالتاہے،موجودہ حکمرانوں نے تین سالوں میں بجلی کی قیمت میں20سے زائد مرتبہ اضافہ کیا اور یہ حقیقت بھی ہے کہ بجلی کی قیمتوں سے دیگر اشیاء کی قیمتوں کا تعلق براہ راست بھی ہے اور بالواسطہ بھی ہے، ہر چیز کو ماضی کی حکومتوں پر الزام لگانے کی روایت نے موجودہ حکومت کی ناکامی کو چھپانے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

انہوںنے کہاکہ حکمران اپوزیشن کانہیں بلکہ عوام کا احتساب کررہے ہیں،اُن کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک ایک تماشہ بن چکاہے ،گذشتہ تین برسوںمیں کہیں بھی بہتری کے آثار نظر نہیں آئے،پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور سی این جی سمیت ضروریہ اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ ہوگیا،قوم ان نالائق حکمرانوں سے مایوس ہوچکی،کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں۔

جمشیداخترشیخ نے کہاکہ حکومتی وزراء پٹرول کی قیمتوں کا موازنہ دوسرے ممالک سے کرتے ہیں مگر کیا وہ دوسرے ممالک کے عوام کودستیاب دیگر سہولیات کا بھی پاکستانیوں کو میسر سہولیات سے موازنہ کرناپسند کریںگے،ہر آنے والا سورج نئے مسائل کے ساتھ طلوع ہوتاہے،ہمارے وزیراعظم کاکوئی فون سننے کو تیار نہیں اس سے زیادہ اس ملک کی اور کیا تذلیل ہوسکتی ہے،پاکستان کو تختہ مشق بنانے والے موجودہ حکمران برسراقتدار رہنے کا حق نہیںرکھتے ان کی نااہلی ملک وقوم کو کئی دھائیاں پیچھے لے گئی ہے، ترقی کا جو سفر قائد میاں نوازشریف نے اپنے دور اقتدار میں شروع کیااسے موجودہ نالائق حکمرانوں نے سبوتاژ کرکے ملک دشمنی کا مظاہر ہ کیاہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات