صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ، محمد عمیر کی اپیل مسترد کر دی

سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب نے چیئرمین نیب کے سروس سے نکالے جانے کے حکم کے خلاف اپیل دائر کی تھی

پیر 11 اکتوبر 2021 16:38

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ، محمد عمیر کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ، محمد عمیر کی اپیل مسترد کر دی ،سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب نے چیئرمین نیب کے سروس سے نکالے جانے کے حکم کے خلاف اپیل دائر کی تھی ۔ پیر کو جار ی اعلامیہ کے مطابق صدرمملکت نے کہاکہ نیب محمد عمیر کے خلاف قانونی کارروائی کرے ، محمد عمیر نے شرجیل انعام میمن ریفرنس میں 15 اصل پراپرٹی ڈیڈ چرائے تھے۔

انہوںنے کہاکہ انکوائری کے بعد نیب نے محمد عمیر کو نوکری سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا،صدر مملکت نے نیب کی جانب سے محمد عمیر کو سروس سے فارغ کرنے کا حکم برقرار رکھا اور کہاکہ جرم کی نوعیت کے اعتبار سے نوکری سے برخواست کرنے کی سزا کافی نہیں ۔انہوںنے کہاکہ نیب محمد عمیر کے خلاف قانون کی آخری حد تک کارروائی کرے ، محمد عمیر اہم کاغذات کے واحد نگران تھے ، اسٹیل کی الماری سے کاغذات چوری ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ الماری تک رسائی صرف محمد عمیر کو حاصل تھی ، عدالت میں کاغذ پیش کرنے کا وعدہ بھی کیا،عین وقت پر عدالت کو کاغذات چوری ہونے کا بتایا گیا جس کی وجہ سے کیس میں ملوث افراد کو ضمانت مل گئی۔ انہوںنے کہاکہ دباؤ ڈالنے کے بعد کاغذات براذمد ہوئے اور نیب کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ نیب کی تحویل سے اصل کاغذات کی چوری ایک گھناؤنا جرم ہے ، پاکستانی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ، دھوکہ دیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کو کرپٹ لٹیروں کی وجہ سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ، پاکستان میں آتشزدگی کی وجہ سے ثبوتوں پر مشتمل عمارتیں تک جل جاتی ہیں ، بیرون ممالک میں پاکستانی سیاستدانوں کے کرپشن کیسز میں بھی کاغذات چوری ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاغذات حادثاتی طور پر نہیں بلکہ ایک کرپٹ افسر نے جان بوجھ کر چرائے ، فائل میں سے صرف ضروری کاغذات چوری ہوئے ، باقی سب کاغذ موجود رہے ، چوری کوئی باہر کا شخص نہیں بلکہ کیس کی تفصیلات جاننے والا شخص ہی کر سکتا ہے ،میرے لیے اس کیس میں فیصلہ دینا نہایت باعث تکلیف ہے ، اس مجرمانہ فعل کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، نیب سابق افسر کے خلاف قانونی کارروائی کرے