نسیم شاہ پاکستان کرکٹ کے اگلے سپر سٹار ثابت ہوسکتے ہیں: وقار یونس

فاسٹ بائولر نے انجری کا شکار ہونے کے بعد قابل رشک واپسی کی ہے: سابق بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 اکتوبر 2021 14:10

نسیم شاہ پاکستان کرکٹ کے اگلے سپر سٹار ثابت ہوسکتے ہیں: وقار یونس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کے سابق بائولنگ کوچ وقار یونس کی رائے ہے کہ نسیم شاہ پاکستان کرکٹ میں اگلے بڑے سپر سٹار ثابت ہوسکتے ہیں۔ 49 سالہ وقار یونس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نسیم شاہ پاکستان کرکٹ کے اگلے سپر سٹار ہیں ، جب اس نے آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کیا تو وہ صرف ایک نوجوان تھا اور پھر بدقسمتی سے وہ زخمی ہو گیا جس نے اس کے بہتر بائولر بننے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ۔

ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے انجری سے بہت مضبوط واپسی کی ہے،کسی بھی نوعمر باؤلر کے لیے انجری کا شکار ہونا بہت فطری بات ہے۔ حسن علی زخمی ہو گئے ، یہاں تک کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران کمر کی انجری برداشت کی، وسیم اکرم بھی زخمی ہوئے لیکن ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ گیند باز انجری کے بعد مضبوط واپسی کرتے ہیں اور نسیم شاہ یہی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے مزید کہا کہ نسیم نے حال ہی میں اختتام پذیر کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شاندار باؤلنگ کی اور اس فارم کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بھی جاری رکھا۔ پاکستانی فاسٹ بولرز کی موجودہ تعداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے یونس نے کہا کہ وہ سب بہت باصلاحیت ہیں اور پاکستان کو مزید آگے لے کر جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ یہ تمام بولر میرے آخری دور میں منظر عام پر آئے تھے، ہمیں ایک دھچکا لگا کیونکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اس لیے ہمارے پاس نوجوانوں پر اعتماد کرنے اور ان کی حمایت کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔

وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا جانا اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا کوئی آسان کام نہیں ہے ، میں نوجوان بائولر پر غصہ ہوا لیکن مجھے لگتا ہے کہ دورے نے ان کی بھی بہت مدد کی ہے ،یہ سب نوجوان ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان میں پاکستان کے لیے بہت اچھا کرنے کی صلاحیت ہے۔