تعصب اور لسانیت کی آگ نے سندھ کو ترقی سے کوسوں دور کر دیاہے، سید مصطفی کمال

سندھیوں اور مہاجروں کو ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو انہیں آپس میں لڑوا کر، دونوں کے حقوق غضب کر کے اپنے محلات بنا رہے ہیں، چیئرمین پی ایس پی

منگل 12 اکتوبر 2021 21:26

تعصب اور لسانیت کی آگ نے سندھ کو ترقی سے کوسوں دور کر دیاہے، سید مصطفی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ تعصب اور لسانیت کی آگ نے سندھ کو ترقی سے کوسوں دور کر دیاہے۔ دنیا چاند پر جا رہی ہے اور سندھ کے اسکول بھینسوں کے باڑے بنے ہوئے ہیں۔ سندھیوں اور مہاجروں کو ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو انہیں آپس میں لڑوا کر، دونوں کے حقوق غضب کر کے اپنے محلات بنا رہے ہیں اور یہاں ہمارے بچے مر رہے ہیں۔

سندھ بھر کے تمام مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، عوام کے ساتھ مل کر سب ٹھیک کر دیں گے۔ لاڑکانہ میں بھی کھڑے ہو کر کہا کہ مہاجر ہوں اور مہاجر ہونے پر فخر ہے اور کراچی میں کھڑے ہو کر لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے گئے اور تھر میں بھوک سے مرنے والے بچوں کیلئے آواز اٹھائی۔

(جاری ہے)

صرف مہاجروں کو ایک ہونے کی نہیں بلکہ سندھ بھر کی عوام کو حقوق کی خاطر ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

بالخصوص یہ دیکھنا ہوگا کہ بدکردار لوگ اس اتحاد میں شامل ہو کر اسے خراب نہ کریں۔ کچھ لوگوں کی فطرت میں غداری ہوتی ہے، ایم کیو ایم پر قابض مافیا کے ساتھ ایک ہونے سے پوری قوم کا نقصان ہوگا۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں۔ تمام لوگوں کے سامنے پیش ہونے اور اپنے نظریے پر بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔ پاک سرزمین پارٹی کا بتایا ہوا راستہ ہی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ اس کے علاوہ تمام تجربے ملک کو مزید تباہی کی جانب دھکیلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زمہ داران سے پاکستان ہاس میں ملاقات کرتے ہوئے اور تنظیمی ڈھانچے میں نوجوانوں کو زیادہ موقع فراہم کرنے کے حوالے سے تبدیلیاں کرتے ہوئے کیا۔