ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: ایم ایس دھونی بھارتی ٹیم کی رہنمائی کرنے کی کوئی فیس نہیں لیں گے

سابق بھارتی کپتان نے گزشتہ سال اگست میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اکتوبر 2021 13:37

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: ایم ایس دھونی بھارتی ٹیم کی رہنمائی کرنے کی کوئی فیس ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اکتوبر 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کہا کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ویرات کوہلی کی قیادت والی بھارتی کرکٹ ٹیم کی رہنمائی کے لیے کوئی فیس نہیں لیں گے۔ ورلڈ کپ 17 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا اور بھارتی ٹیم 24 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کرے گی۔

سابق بھارتی کپتان نے گزشتہ سال اگست میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بھارت کے لیے آخری میچ 2019ء ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں بھارتی ٹیم کو شکست ہوئی تھی ۔ ایم ایس دھونی اعدادوشمار کے اعتبار سے ہندوستان کے سب سے کامیاب کپتان تھے ، ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 2007ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2011ء کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا ، 2009ء میں بھارتی ٹیم ان کی زیر قیادت ٹاپ ٹیسٹ ٹیم بھی بنی تھی ۔

(جاری ہے)

دھونی کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین فنشرز میں بھی کیا جاتا ہے ، انہوں نے ورلڈ کپ 2011ء میں سری لنکا کے خلاف فائنل میں چھکا لگا کر بھارت کر کامیابی دلائی تھی۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کا اختتام 350 میچز کھیل کر کیا جس میں انہوں نے 10773 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 444 شکار کیے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 98 میچوں میں 91 شکاروں کے ساتھ سب سے زیادہ آؤٹ کرنیکا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ مجموعی طور پر دھونی نے تمام فارمیٹس میں 17000 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں جن میں 16 سنچریاں شامل تھیں جب کہ وکٹوں کے پیچھے 800 سے زیادہ شکار بھی ان کے ریکارڈ پر ہیں۔