چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا سڑکیں بند کرنے کا قانونی ریکارڈ طلب

ڈی آئی جی ٹریفک اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو جواب دینے میں ناکام ،عدالت برہم

بدھ 13 اکتوبر 2021 15:54

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا سڑکیں بند کرنے کا قانونی ریکارڈ طلب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی ہدایت پرٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کی اہم سڑکوں کی بندش کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردہ آئینی درخواست نمبر CP-D-2523/2021 کی سماعت چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دورکنی بنچ نے کی ۔ ڈی آئی جی ٹریفک اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو نے جواب میں خالی نوٹ شیٹ جمع کرائی جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ برہم ہوئے اور نوٹ شیٹ واپس کرتے ہوئے حکم دیا کہ آپ پورا ریکارڈ لے کر آئیں ، اگلی تاریخ کی سماعت پر مکمل جواب جمع کرائیںکہ کس قانون کے تحت سڑکیں بند کی گئی ہیں عدالت نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو ایک بار پھر جواب جمع کرانے کے لئے 3نومبر تک کی مہلت دے دی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پچھلی سماعت میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی ٹریفک کوسڑکوں کی بندش کے حوالے سے جواب جمع کرانے کی تنبیہ کی تھی ۔ دوران سماعت پاسبان کے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ آواری ٹاور کی سڑک دوسال سے عام پبلک کے لئے بندکی ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے پیسے کمانے کے لئے سڑکیں بند کی ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں روزانہ 40لاکھ سے زائد شہری متاثر ہورہے ہیں۔ عوام متبادل راستے اختیار کرنے کی وجہ سے طویل سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔ بدترین مہنگائی کے دور میں جبکہ پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، متبادل راستوں کے چکر میں پیٹرول زیادہ خرچ ہورہا ہے۔ پورا شہر پارکنگ مافیا کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ شہر میں جگہ جگہ پارکنگ مافیا کا راج ہے ۔