چوہدری محمدیٰسین نے عدالت سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتاری دیدی

میدان کا کھلاڑی ہوں ،عوامی ریفرنڈم میں عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیدیا ،عوامی عدالت کے بعد قانون کی عدالت میں بھی سرخرو ہوں گے،عوام جانتی ہے میرے بیٹے اور میں بیگناہ ہوں ،اجتماع سے خطاب

بدھ 13 اکتوبر 2021 19:10

ہولاڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر و ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری محمدیٰسین نے عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتاری دے دی۔چوہدری محمدیٰسین کی کوٹلی آمد کی اطلاع ملتے ہی عوام کا جم غفیر ھل ٹاپ،ہولاڑ پہنچ آیا اور فضا کشمیر کا بھٹو یاسین ،جیوے جیوے یاسین جیوے ،کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے ۔

یاسین تیرے جانثار بے شمار بے شمار سے گونج اٹھی۔اہلیان کوٹلی کی جانب سے والہانہ محبت کااظہار، سینکڑوں گاڑیوں پر کوٹلی سے عوام نے اطلاع ملتے ہی ہولاڑ پل پر ہل ٹاپ کارخ کرلیا آزادکشمیر کی تاریخ میں ایسا سماں پہلے دیکھنے میں نہیں آیا۔ ہل ٹاپ سے ہی عوام نے چوہدری محمدیٰسین کو اپنے حصار میں لے لیا لیکن صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیرنے جذبات سے مغلوب شہریوں کو پرامن رہنے کی اپیل کردی جس کے بعد ہل ٹاپ اور ہولاڑ پر ایک بڑا اجتماع بن گیا۔

(جاری ہے)

صدر پیپلزپارٹی نے کارکنوں کے نعروں کاہاتھ ہلا کر جواب دیااس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری محمدیٰسین نے کہاکہ میں میدان کا کھلاڑی ہوں عوامی ریفرنڈم میں عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ عوام کی عدالت کے بعد قانون کی عدالت میں بھی سرخرو ہوں گے۔عوام جانتی ہے کہ میرے بیٹے اور میں بے گناہ ہوں میرے بیٹوں نے بھی خود گرفتاری پیش کی اور میں بھی عدالتی فیصلے پرخود گرفتاری دے رہا ہوں ہم نے ضمنی انتخابات میں وفاقی اور ریاستی دونوں حکومتوں کو شکست دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جیلیں بھی دیکھی ہیں ہم جیلوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔25جولائی کو ایک سازش کے تحت دو نوجوانوں کے قتل میں ہمارے خلاف مقدمہ درج کروایالیکن اس کے باوجود کوٹلی اور چڑھوئی کے عوام نے دونوں نشستوں پر کامیابی سے نوازہ میں عوام کا مقروض ہوں میرا وعدہ ہے جہاں آپ کا پسینہ گرے گا وہاں میرے خاندان کاخون حاضر ہوگا ۔میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور قائد آصف علی زرداری کاشکرگزار ہوں ،مجھے بھٹو خاندان سے وفاداری کی سزا دی جاریہ ہے لیکن کتنی بھی مشکل آئیں پیپلزپارٹی سے وفادارہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ 10اکتوبر کا الیکشن میری زندگی کا مشکل ترین الیکشن تھا جس میں آپ کے تعاون سے کامیابی ملی۔ اور عامریٰسین نے جیل سے کامیابی حاصل کرکے آزادکشمیر میں پہلی مثال قائم کی ہے۔ اس سے پہلے یہ مثال پاکستان میں 5لوگوں نے قائم کی تھی ۔10اکتوبر کو چڑھوئی کے عوام نے میری اور عامریٰسین کی بے گناہی ثابت کردی ہے ۔چڑھوئی کے عوام کے پیار محبت،خلوص وار وفاداری کو میراخاندان زندگی بھر فراموش نہیں کرے گا۔

میں احتجاج کرسکتا تھا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین قانون کی بالادستی کو تسلیم کیا ہے جس طرح عوامی عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں اسی طرح قانو ن کی عدالت سے بھی سرخرو ہوں گے۔ کوٹلی تھانے تک چوہدری محمدیٰسین کے ہمراہ سینکڑوںگاڑیوں کی ریلی بھی گئی جہاں انہوں نے خود گرفتاری پیش کی۔