این اے 133 کے ضمنی انتخابی معرکہ کیلئے (ن) لیگ کی ٹکٹ کے حصول کیلئے امیدواروں کے نام سامنے آنا شروع

پرویز ملک کے اہل خانہ کو گھر میں ٹکٹ رکھنے کے حوالے سے بھی مشاورت کا امکان ،حتمی فیصلہ قیادت کرے گی

جمعرات 14 اکتوبر 2021 15:28

این اے 133 کے ضمنی انتخابی معرکہ کیلئے (ن) لیگ کی ٹکٹ کے حصول کیلئے امیدواروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2021ء) این اے 133 کے ضمنی انتخابی معرکہ کیلئے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے حصول کے لیے لیگی امیدواروں کے نام سامنے آنا شروع ہو گئے، زعیم قادری بھی دوڑ میں شامل،حتمی فیصلہ قیادت کرے گی ،پرویز ملک کے اہل خانہ کو گھر میں ٹکٹ رکھنے کے حوالے سے بھی مشاورت کا امکان ہے اور انکے گھر سے کوئی نام نہ آنے پر پارٹی ٹکٹ کا اعلان کیا جائے گا ۔

لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے بڑے نام بھی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں ۔پرویز رشید اور محمد زبیر الیکشن کے لیے موزوں قرار دئیے جا رہے ہیں جبکہ بیگم شائستہ پرویز ملک کو جنرل الیکشن میں لائے جانے کا بھی امکان ہے اور مسلم لیگ (ن) کے مہر اشتیاق،خواجہ احمد حسان، حافظ نعمان ،کرنل ر مبشر جاوید،زعیم قادری سمیت دیگر الیکشن لڑنے کی دوڑ میں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

لیگی امیدواروں نے پارٹی کے اندر اپنی اپنی لابنگ شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق اہم لیگی رہنمائوں کے گھروں پر لیگی امیدواروں کے ڈیرے لگ گئے ہیں اورقیادت کے قریب سمجھے جانے والے لیگی رہنماوں سے امیدواروں کے رابطے بھی شروع ہیں ۔این اے 133 کی نشست پرویز ملک مرحوم کی وفات کے بعد خالی ہوئی ہے اورمسلم لیگ (ن) آئندہ چند روز میں این اے 133 کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے گی، پرویز ملک فیملی کے انکار پر کمیٹی ناموں پر اپنی سفارشات قیادت کو بھجوائے گی۔این اے 133 کی ٹکٹ کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے قائد شہباز شریف کی مشاورت سے کریں گے۔