Live Updates

این اے133لاہور، ضمنی انتخاب کیلئے جمشید اقبال چیمہ پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

مسلم لیگ ن کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے باعث یہ نشست خالی ہوئی ہے، 2018 میں اس حلقے سے پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے الیکشن لڑا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 اکتوبر 2021 19:07

این اے133لاہور، ضمنی انتخاب کیلئے جمشید اقبال چیمہ پی ٹی آئی کے امیدوار ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2021ء) تحریک انصاف نے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو این اے 133لاہور کے ضمنی انتخاب کیلئے امیدوار نامزد کردیا، مسلم لیگ ن کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے باعث یہ نشست خالی ہوئی ہے، 2018 میں اس حلقے سے پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے الیکشن لڑا تھا۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں لاہور کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا اور بورڈ نے لاہور کے انتخابی حلقہ این اے133 کے ضمنی الیکشن کے لئے متفقہ طور پر جمشید اقبال چیمہ کو پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ضمنی الیکشن میں امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے باعث این اے 133 لاہور کی نشست خالی ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں اس حلقے سے ن لیگی رہنماء پرویز ملک تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز چوہدری کو ہرا کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ یہ نشست پرویز ملک کی پکی سیٹ سمجھی جاتی ہے، پرویز ملک پانچ بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

پرویز ملک 1997 سے پانچ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور اب بھی رکن قومی اسمبلی تھے۔ پرویز ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ (ن) کے جانثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔پرویز ملک لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بھی صدر رہے۔ تاہم مسلم لیگ ن نے تاحال اس نشست پر کسی امیدوار کو نامزد نہیں کیا۔ مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز اور بیٹا بھی ارکان اسمبلی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت پرویز ملک کے اہلخانہ یا عزیزواقارب میں سے ہی کسی کو اس نشست پر امیدوار نامزد کرے گی۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات