اوور لوڈنگ کو ختم کروانے کیلئے موٹروے پولیس کردار ادا کرے‘گڈزٹرانسپورٹرز

اوور لوڈنگ کیخلا ف موٹروے پولیس عدالتی آرڈر پر عمل نہ کر کے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے

جمعہ 15 اکتوبر 2021 12:31

اوور لوڈنگ کو ختم کروانے کیلئے موٹروے پولیس کردار ادا کرے‘گڈزٹرانسپورٹرز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشنلاہور ڈویژن کے عہدیداران چوہدری عاطف گجر ، چوہدری گل شیر وڑائچ ، چوہدری بشارت وڑائچ ، ماجد زمان اعوان ، چوہدری مزمل حسین ، حاجی امتیاز ، حاجی ظفر ، چوہدری اعجاز گجر نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ اوور لوڈنگ کو ختم کروانے کیلئے موٹروے پولیس کردار ادا کرے،اوور لوڈنگ کیخلا ف موٹروے پولیس عدالتی آرڈر پر عمل نہ کر کے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے، لاقانونیت کو روکنا ،اوور لوڈنگ کو جڑ سے ختم کرنے اور ایکسل لوڈ لمٹ قانون پر سختی کے ساتھ مکمل عملدرآمد کرواناموٹروے پولیس کا کام ہے،مگر پولیس نے اوور لوڈنگ کو جڑ سے ختم کرنے کی بجائے اس قانون کو ریونیو اکٹھا کرنے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے جو عدالتی احکامات کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ اگر موٹروے پولیس واقعی ایکسل لوڈ لمٹ قانون کا نفاذ چاہتی ہے تو دوغلی پالیسی ختم کر کے جس پوائنٹ سے اوور لوڈ گاڑی روڈ پر چڑھتی ہے اسے وہیں سے واپس کیا جائے ۔آ ئی جی مو ٹروے سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ موٹروے پولیس کو عوام میں باعزت ادارہ سمجھا جاتا ہے برائے مہربانی اس ادارے کی ساکھ کو خراب ہونے سے بچایا جائے اورآئین اور قانون کے مطابق عدالتی فیصلے پر من و عن سختی کے ساتھ مکمل عملدرآمد کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔