Live Updates

بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے مہنگی کر کے حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے ‘حمزہ شہباز

عمران خان کی حکومت میں صرف مہنگائی کا گراف اوپر جا رہا ہے نااہلی اور عوام دشمنی کا سورج صرف حکومت کے خاتمے پر ہی غروب ہونا ہے

جمعہ 15 اکتوبر 2021 14:41

بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے مہنگی کر کے حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے مہنگی کر کے تحریک انصاف حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے ،عوام کے منہ سے نوالے پر نوالہ چھین کر اب بجلی کے بلوں کی مد میں مزید رقم اینٹھی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ تین سال میں گردشی قرض دوگنا سے زیادہ ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا ہے ، اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نااہلی کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حکومت نے مہنگائی اور نااہلی سے تین سالوں میں عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے لوگ یاد رکھیں کہ مہنگائی کے ہر پروانے پر عمران خان خود دستخط کرتے ہیں۔ چکی کا آٹا بھی 82 روپے کا ہو چکا ہے روٹی کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں حکومت اپنی موج میں مست ہے۔سردیوں میں پاکستانی عوام ایک بار پھر گیس بحران کا سامنا کرینگے نااہل سرکار 8 ایل این جی کارگوز کی خریداری میں ناکام رہی ہے۔ ا نہوںنے کہاکہ عمران خان کی حکومت میں صرف مہنگائی کا گراف اوپر جا رہا ہے اس نااہلی اور عوام دشمنی کا سورج صرف تحریک انصاف حکومت کے خاتمے پر ہی غروب ہونا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات