ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، کرس گیل کو اپنی ساکھ بچانے کا چیلنج درپیش

ویسٹ انڈین بلےبازکو ثابت کرنا ہے کہ وہ بدستور کارکردگی کے باعث شہ سرخیوں کی زینت بن سکتے ہیں: کیریبیئن صحافی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 اکتوبر 2021 14:49

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، کرس گیل کو اپنی ساکھ بچانے کا چیلنج درپیش
سینٹ جونر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈین سٹار کرس گیل کو اپنی ساکھ بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ کرس گیل نے یہ ثابت کرنا ہے کہ صرف ایک ڈھلتی ہوئی عمر کے سٹار پلیئر نہیں بلکہ بدستور کارکردگی کی وجہ سے شہ سرخیوں کی زینت بن سکتے ہیں، 42 سالہ کرس گیل کے بارے میں یہ رائے پائی جاتی ہے کہ انھیں میگا ایونٹ کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم کا حصہ میرٹ پر نہیں بلکہ پرانی ساکھ کی وجہ سے بنایا گیا۔

یہ بات گزشتہ دنوں سابق فاسٹ بولر کرٹلی امبروز بھی کہہ چکے جس کے بعد کرس گیل نے کہا تھا کہ ان کے دل میں اب سابق سٹار کی کوئی عزت باقی نہیں رہی۔ ایک کیریبیئن صحافی کا کہنا ہے کہ 2016ء میں کھیلے گئے آخری ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے گیل کی پرفارمنس زوال کا شکار ہوئی ہے، انھیں میرٹ پر ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، اب انھیں ٹیم میں اپنی موجودگی کو ثابت کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے 2021ء کے آغاز کے بعد سے 16 ٹی 20 میچز میں 17.46 کی اوسط سے صرف 227 رنز بنائے ہیں جن میں محض ایک نصف سنچری شامل ہے۔ اوپنر نے آئی پی ایل میں یو اے ای میں کھیلے گئے مقابلوں میں صرف 2 میچز میں 1 اور 14 رنز سکور کرنے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے تازہ رہنے کے لیے آئی پی ایل ببل چھوڑ دیا تھا ۔ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں جمیکا کے کرکٹر نے سینٹ کٹس اور نیوس پیٹریاٹس کے لیے 9 میچوں میں 18.33 کی اوسط سے 165 رنز بنائے تھے۔