خواجہ آصف نے شوگر ملیں بند کرنے کی تجویز دے دی

شوگر ملیں بند کرکے چینی درآمد کرنے کا جائزہ لینا ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 اکتوبر 2021 16:20

خواجہ آصف نے شوگر ملیں بند کرنے کی تجویز دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے شوگر ملز بند کرنے کی تجویز دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شوگر ملیں بند کرکے چینی درآمد کرنے کا جائزہ لینا ہوگا۔ سیاست دانوں نے شوگر سیکٹر میں کارٹل بنا رکھے ہیں، ایک ایک سیاست دان کی 8 سے 10 شوگر ملیں ہیں۔

دوران اجلاس خواجہ آصف نے کہا کہ زیادہ تر شوگر ملز مالکان سیاست دان ہیں اور جو سیاست دان نہیں وہ بھی سیاست دانوں یا ان کی اے ٹی ایمز کے زیر اثر ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کو شوگر ملز مالکان کے شکنجے سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک میں شوگر ملیں بند کردینی چاہئیں، درآمدی چینی پر کم خرچ آتا ہے تو درآمد زیادہ فائدہ مند ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو شوگراپیلیٹ کمیٹی نے شوگرملزمالکان سے مذاکرات کے بعد وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی کی جانب سے ایس آراو جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ چینی کی قیمت 89 روپے75 پیسے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا لیکن وفاقی حکومت چینی کی مقرر کی گئی سرکاری قیمت یقینی بنانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے چینی کی سرکاری قیمت 89 روپے 75 پیسے مقرر کی، تاہم ملک کے کسی شہر میں اس قیمت پر چینی فروخت نہیں ہو رہی۔

89 روپے 75 پیسے تو دور کی بات ملک کے کسی شہر میں چینی 100 روپے کلو کی قیمت پر بھی دستیاب نہیں ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی والے سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجمور ہیں۔ شہر قائد میں فی کلو چینی 115 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ جبکہ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور کوئٹہ میں چینی 110 روپے کلو، پشاور، بنوں، حیدرآباد اور بہاولپور والوں کو چینی 108روپے کلو کی قیمت میں دستیاب ہے۔ حکومت اپنے اعلانات کے باوجود سرکاری قیمت پر عملدرآمد یقینی نہیں بنا سکی، جبکہ مہنگی چینی بیچنے کیخلاف کوئی کاروائی بھی نہیں کی جا رہی۔