کشمیر میں صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے، پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت

بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ،بھارت اقلیتوں پر مظالم کا عکس آسام میں ہونیوالے واقعات میں دیکھا جا سکتا ہے، عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے،کابل کیلئے پی آئی اے کی پروازیں معطل ہیں، افغانستان میں پاکستان کے سفیر معاملہ اعلیٰ حکام سے اٹھائیں گے،ہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار

جمعہ 15 اکتوبر 2021 17:51

کشمیر میں صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے، پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) پاکستان نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ایک ہفتے میں دس کشمیریوں کے شہداء کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں صورت حال ابتر ہوتی جا رہی ہے، بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں ،بھارت اقلیتوں پر مظالم کا عکس آسام میں ہونیوالے واقعات میں دیکھا جا سکتا ہے، عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے،کابل کیلئے پی آئی اے کی پروازیں معطل ہیں، افغانستان میں پاکستان کے سفیر معاملہ اعلیٰ حکام سے اٹھائیں گے،ہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں۔

جمعہ کو یہاں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی ابتر ہے ،گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید دس کشمیریوں کو شہید کیا گیا ،مقبوضہ کشمیر میں چودہ سو سے زائد کشمیریوں پر جعلی مقدمات قائم کئے گئے ،بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا نہ ختم ہونیوالا سلسلہ جاری ہے ، انہوںنے کہاکہ بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں پاکستان نے بھارت میں اسلاموفوبیا اور اقلیتوں پر مظالم کے حوالے سے دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظام کی تصدیق کر چکی ہیں ،بھارت اقلیتوں پر مظالم کا عکس آسام میں ہونیوالے واقعات میں دیکھا جا سکتا ہے عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے۔عاصم افتخار نے کہا کہ صدر مملکت نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور اہم ملاقاتیں کیں۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی ڈپٹی سیکرٹری آف سٹیٹ کے دور ہ پاکستان میں دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ کابل میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن معطل ہے ،معاملہ پر پی آئی اے مؤقف دے چکا ہے ،ہمارے سفیر معاملے کو اعلی افغان حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ طالبان کا اعلی سطحی وفد ترکی میں ہے ،مذاکرات کے ذریعہ ہی افغانستان کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ ایرانی عسکری و سویلین حکام کی پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں افغانستان پر بھی بات چیت ہوئی ہے تاہم سعودی عرب کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ ایل او سی پر اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے ایل او سی پر کشیدگی میں کمی آئی ہے ،پاکستان ہمیشہ یو این مبصر مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یو این، او آئی سی، انٹرنیشنل میڈیا سمیت عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت اور امن کا قیام سب کی اولین ترجیح ہونی چاہئے