جامعہ این ای ڈی کے تحت ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس،میٹرک کی بنیاد پر داخلے دینے کا فیصلہ

جمعہ 15 اکتوبر 2021 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء)جامعہ این ای ڈی کے تحت ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں اس سال انٹر کے نتائج میں تاخیر کے سبب طالب علموں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے، میٹرک کی بنیاد پر داخلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جامعہ ترجمان کے مطابق وہ تمام طلبا جو انٹری ٹیسٹ میں کم سے کم پچاس فی صد نمبرز یا سیٹ ون اور ٹو کا امتحان ایک خاص اسکور کے تحت پاس کرچکے ہیں،وہ اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

میرٹ لسٹ کا اجرا تیس فی صد میٹرک اور ستر فی صد این ای ڈی انٹری ٹیسٹ کے نمبرز کی بنیاد پر کیا جائے گا۔داخلے کے لیے کٹیگری وہی لی جائے گی جس بورڈ سے طالب علم نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا ہے۔گزشتہ تین سالوں کے کامیاب طلبا کے میٹرک کے پوائنٹس میں عشاریہ نو فی صد مارکس کی کٹوتی کی جائے گی۔داخلہ عارضی بنیادوں پر ہوگا،انجینئرنگ، آرکیٹکچراور کمپیوٹر سائنس میں داخلوں کے لیے کم سے کم 60فی صد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے۔ بی ایس پروگرام کے لیے کم از کم 55فی صد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے۔میرٹ لسٹ 22اکتوبر،25اکتوبر سے طلبا کے انٹرویوز لیے جائیں گے جب کہ22نومبر سے سیشن کا آغاز کردیا جائے گا۔