Live Updates

مخصوص سیاسی خاندان عوام کے حقوق کے بجائے این آر او کے لئے لڑ رہے ہیں حلیم عادل شیخ

کبھی کسی غریب کسان، مزدور نے چوری کر کے لندن میں جائیدادیں نہیں بنائی،قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی

جمعہ 15 اکتوبر 2021 22:30

مخصوص سیاسی خاندان عوام کے حقوق کے بجائے این آر او کے لئے لڑ رہے ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں مخصوص سیاسی خاندان عوام کے حقوق کی جدوجہد کے بجائے اپنے این آر او کے لئے لڑ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ہمیشہ اپنی ذاتی مفادات کے حصول کے لئے سیاست اپنائی ہے۔ ماضی کی حکومتوں پر نظر ڈالی جائے تو کبھی کسی غریب کسان، مزدور نے چوری کر کے لندن میں جائیدادیں نہیں بنائی۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے سیاست کو منافع بخش کاروبار سمجھ کر اپنایا۔ مریم نواز کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات پر پٹواریوں میں غلط فہمی کی لہر دوڑ رہی ہے۔کرپٹ ن لیگ ہمیشہ امریکیوں کی حمایت سے اقتدار میں آئی۔ لیکن اب وقت تبدیل ہوچکا ہے ملک سے باریاں لینے والی جماعتوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

قسمت کے ہارے ن لیگی آج بھی امریکیوں سے اقتدار کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

مریم نواز پہلے اوباما کی اہلیہ سے لیے 70ملین ڈالر کا حساب دیں۔ مریم اور ان کے بابا نے تعلیمی اصلاحات کا فنڈ بھی ایون فیلڈ بنانے میں لگادیا ہے۔ غیرملکی امداد سے رائیونڈ محل کے خرچ چلائے گئے۔امریکی جانتے ہیں کہ وائی ناٹ والے غلام رائیونڈ محل اور بلاول ہائوس میں پائے جاتے ہیں۔ملکی سلامتی اور عزت کو دا پر لگاکر ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ امریکا اور بھارت کو خوش کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ پاکستان اور اسکی معیشت درست ہاتھوں میں ہے۔ حکومت اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں نفرتیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ کورونا کے باوجود ہماری معیشت کی سمت درست ہے۔ پوری دنیا اس وقت بدترین مہنگائی اور انرجی کرائسس کا شکار ہے۔ پوری دنیا کی طرح پاکستان کی کرپٹ اشرافیہ کی معیشت بھی خطرے میں ہے۔

پاکستان کی معیشت کے حوالے سے عالمی مالیاتی ادارے مثبت تخمینے دے رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ میں 4 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔پاکستان میں بے روزگاری میں بھی واضح کمی ہونے کا امکان ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا پیپلزپارٹی چاروں صوبوں سے ختم ہوکر محدود علاقائی جماعت بن چکی ہے۔ پیپلزپارٹی سندھ کی عوام پر دھیاں دے سندھ میں عوام تعلیم، صحت، صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات