واٹر بورڈ کی نجکاری کے خلاف ضلع کورنگی میں واٹر بورڈ ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی

ریٹائر ملازمین کے فنڈز اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ یوٹیلٹی الائونس ادا کیا جائے، اکرام خان

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ورلڈ بینک کی ایماء پر نجکاری کے خلاف چیئرمین یونائیٹڈ ورکرز یونین جوزف صنم، صدر پنھل مگسی، جنرل سیکریٹری اکرام خان، وائس چیئرمین ناظم خان، سینئر نائب صدر چن زیب، کامریڈ امرجلیل مگسی، ریحان الٰہی، ایس ایم شاکر، ناصر خان، خالد خان، اعظم خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سندھ کے ارباب اختیار، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ واٹر بورڈ مالی طور پر ایک خودمختار ادارہ ہوتے ہوئے اپنی ضروریات اپنے وسائل سے پوری کرتا ہے۔

اس کے باوجود چند کرپٹ اور نااہل افسران کی مبینہ طور پر تیار کردہ سازش کے تحت نجکاری کرنے کی تحقیقات کروائی جائیں۔

(جاری ہے)

جنرل سیکریٹری اکرام خان نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ ریٹائر ملازمین کے فنڈز اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ یوٹیلٹی الائونس ادا کیا جائے۔ میڈیکل کی سہولتیں مکمل طور پر بحال کی جائیں۔ ڈی پی سی II کا اجلاس بلاکر پروموشن کے فیصلے کیے جائیں۔

ایڈہاک ملازمین کو بحال، سن کوٹہ بحال، معذور کوٹے پر ملازمین کے لواحقین کو نوکریاں دی جائیں۔ SBCA کی جانب سے آنے والے گیارہ کروڑ کی رقم سے ملازمین کو ادائیگیاں کی جائیں۔ یہ رقم من پسند ٹھیکیداروں میں تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے اس کا سدباب کیا جائے، اس موقع پر شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملازمین کورنگی نمبر 4 کی مین شاہراہ پر آگئے اور ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء اور مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ مظاہرین نے ایم ڈی واٹر بورڈ کی برطرفی اور کرپٹ واٹر بورڈ افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔ بعد ازاں ریلی کے اختتام پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور نجکاری کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔