امریکا نے 8 نومبر سے ویکسینیشن مکمل کرانے والے تمام غیر ملکی افراد کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا

آغاز یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے ہوگا‘ تمام ویکسینز جو امریکی ریگولیٹرز یا عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور کردہ ہیں قابل قبول ہونگی.ترجمان وائٹ ہاﺅس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 اکتوبر 2021 20:40

امریکا نے 8 نومبر سے ویکسینیشن مکمل کرانے والے تمام غیر ملکی افراد کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2021 ) امریکا نے 8 نومبر سے ویکسینیشن مکمل کرانے والے تمام غیر ملکی افراد کے لیے سفری پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے وائٹ ہاﺅس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایسے غیر ملکی مسافروں کو اب امریکا آنے کی اجازت ہوگی جن کی کووڈ 19 ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہوگی. اس سلسلے کا آغاز 8 نومبر سے یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے ہوگا وائٹ ہاﺅس کی جانب سے ستمبر 2021 میں سفری پابندیوں کو اٹھانے کے لیے منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا گیا تھا.

(جاری ہے)

مختلف ممالک کے شہریوں کو امریکا آنے سے کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد سے سفری پابندیوں کا سامنا تھا اب بائیڈن انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کووڈ 19 ویکسینز کا استعمال کرنے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی. وائٹ ہاﺅس کے اسسٹنٹ پریس سیکرٹری کیون مینوز نے تصدیق کی کہ 8 نومبر سے ویکسینیشن کرانے والے غیرملکی شہریوں کے لیے امریکی سرحدیں دوبارہ کھول دی جائیں گی، اس کا اطلاق زمینی اور ہوائی سفر دونوں پر ہوگا ان افراد کو پرواز میں سوار ہونے سے قبل ویکسینیشن کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا اور نیگیٹو کووڈ 19 ٹیسٹ بھی فراہم کرنا ہوگا.

سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی جانب سے اکتوبر 2021 کے شروع میں بتایا جاچکا ہے کہ ان تمام غیرملکی مسافروں کو امریکا آنے کی اجازت ہوگی جو امریکی ریگولیٹرز یا عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور کردہ کووڈ 19 ویکسینز کا استعمال کرچکے ہوں گے. یعنی اب چینی کمپنیوں جیسے سائنو ویک یا سائنو فارم کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسینیز استعمال کرنے والے افراد بھی امریکا جاسکیں گے ان افراد کو امریکا پہنچنے پر قرنطینہ کی ضرورت بھی نہیں ہوگی ابھی پالیسی کے حوالے سے یہ واضح نہیں کہ 18 سال سے کم عمر بچوں پر اس کا اطلاق ہوگا یا نہیں کیونکہ بیشتر ممالک میں بچوں کی ویکسینیشن ابھی شروع نہیں ہوئی سی ڈی سی کی جانب سے اس حوالے سے تفصیلی پالیسی جلد جاری کی جائے گی.