تھر کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پرمیرپورخاص سے کھوکھرا پارتک ماروی پسنجر ٹرین کا افتتاح کردیا گیا

میرپورخاص ریلوے اسٹیشن پروزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امورسندھ،سابق وزیراعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے ٹرین کا افتتاح کیا ماروی پسنجرٹرین کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اورٹرین کے افتتاح کے موقع پر مٹھائی بھی بانٹی گئی اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) تھر کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پرمیرپورخاص سے کھوکھرا پارتک ماروی پسنجر ٹرین کا افتتاح کردیا گیا۔میرپورخاص ریلوے اسٹیشن پروزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امورسندھ،سابق وزیراعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے ٹرین کا افتتاح کیا۔ریلوے کیڈویژنل سپرنٹڈنٹ محمد حنیف گل اپنے تمام ڈویژنل آفسران کے ساتھ موجود تھے۔

اس موقع پرماروی پسنجرٹرین کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اورٹرین کے افتتاح کے موقع پر مٹھائی بھی بانٹی گئی اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین ماروی مسافر پانچ (05) اکانومی کلاس پرمشتمل ہے جس میں 500 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔میرپورخاص سے کھوکراپار کا کرایہ 160 روپے مقررکیا گیا ہے اورماروی مسافر ٹرین میرپور خاص سے شام 05:00 بجے روانہ ہوگی اور اپنی منزل کھوکراپار اسٹیشن پررات کو 08:40 پر پہنچے گی۔

(جاری ہے)

کھوکھراپار سے ٹرین صبح 06:00 بجے روانہ ہوگی اوردن کو 09:40 پر میرپورخاص پہنچے گی۔ ریلویکی طرف سے شادی پلی، پتھورو، ڈھورونارو،چھور کھوکھرا پار تک 125 کلومیٹرکے سفرمیں ٹرین کے 17 اسٹاپ مقررکیے گئے ہیں۔ عالمی وبا کووڈ 19 کے باعث 24 مارچ 2020 کو ماروی پسنجر کو بند کردیا گیا تھا۔ قبل ازیں ماروی ایکسپریس حیدرآباد سے بذریعہ میرپور خاص پاکستان کے آخری سرحدی اسٹیشن کھوکھرا پار تک چلتی تھی،7 بوگیوں پرمشتمل ایک ٹرین صبح جبکہ دوسری شام کے اوقات میں روانہ ہوتی تھی ۔

ماروی ایکسپریس کی بندش کے خلاف بار بار عوامی احتجاج کے بعدبھی کھو کھراپارتک چلنے والی ماروی ایکسپریس کوریلوے کی جانب سے بحال نہیں کیا گیا تھا جس کیباعث میرپور خاص سے کھو کھراپارتک 17سے زیادہ ریلوے اسٹیشنز تباہی کا شکارہورہے تھے۔ واضح رہے کہ ماروی ایکسپریس کا 2005 میں وفاقی وزیر ریلوے نے اس وقت کے وزیر اعلی سندھ ارباب غلام رحیم کے ساتھ افتتاح کیا تھا۔