کابل ڈرون حملے میں 10افراد کی ہلاکت، امریکا کی معاوضے کی پیشکش

ہلاک ہونیوالے 10افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ دینے کے لیے تیار ہیں،امریکی وزارت دفاع

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:17

کابل ڈرون حملے میں 10افراد کی ہلاکت، امریکا کی معاوضے کی پیشکش
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) امریکا نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اگست میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضے کی پیشکش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابل میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تمام 10افراد معصوم افغان شہری تھے، ان کا داعش سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت دفاع کے مطابق کابل ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے 10افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ دینے کے لیے تیار ہیں اور امریکی محکمہ خارجہ کے ساتھ ملکر اس معاملے پر بھی کام کر رہے ہیں کہ اگر متاثرین کے اہلخانہ امریکا منتقل ہونا چاہیں تو انہیں منتقل کیا جائے۔یاد رہے کہ امریکا نے کابل میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں داعش خراسان کے دہشتگرد کی ہلاکت کا دعوی کیا تھا تاہم بعدازاں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حملے میں کوئی دہشت گرد ہلاک نہیں ہوا بلکہ مرنے والے تمام افراد عام افغان شہری تھے جس میں بچے بھی شامل تھے۔امریکا نے حقائق سامنے آنے کے بعد ڈرون حملے میں معصوم افراد کی ہلاکت پر معذرت کرتے ہوئے اسے افسوسناک غلطی قرار دیا تھا۔