طالبان کی اپنے عہدیداروں کو عدالت کے حکم کے بغیر سرعام سزائیں نہ دینے کی ہدایت

اگر مجرم کو سزا دی گئی تو سزا کی وضاحت ہونی چاہیے تاکہ عوام کو جرم کے بارے میں معلوم ہوجائے،ذبیح اللہ مجاہد

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:17

طالبان کی اپنے عہدیداروں کو عدالت کے حکم کے بغیر سرعام سزائیں نہ دینے ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) افغانستان میں طالبان کی حکومت نے اپنے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عدالت عالیہ کے احکامات کے بغیر سرعام سزائیں نہ دیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے بیان میں کہا کہ وزرا کی کونسل نے فیصلہ کیا کہ سرعام کوئی سزا اس وقت تک نہیں دی جائے گی، ملزم کو نمایاں کرنے کی ضرورت نہیں ہے جب تک عدالت سرعام سزا کا حکم نہ دے۔

کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے احکامات دیے بغیر سرعام سزائیں دینا اور لاشوں کو لٹکانے سے گریز کیا جائے۔طالبان کے ترجمان نے کہا کہ اگر مجرم کو سزا دی گئی تو سزا کی وضاحت ہونی چاہیے تاکہ عوام کو جرم کے بارے میں معلوم ہوجائے۔