کے ایم سی کا شہر کے 2اضلاع میں انسداد تجاوزات آپریشن جاری

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) کراچی کے 2 اضلاع وسطی اور جنوبی میں بلدیہ عظمی کراچی نے انسداد تجاوزات آپریشن کیا، جس میں پتھارے، کیبن، ٹھیلے، پنجرے، میزیں اور کرسیاں، تخت اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا۔بلدیہ عظمی کراچی کے مطابق شہر قائد کے 2 اضلاع میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے، محکمہ انسداد تجاوزات نے ناظم آباد، خلافت چوک، مجاہد کالونی اور گولیمار چورنگی پر غیر قانونی تجاوزات کارروائی کی۔

(جاری ہے)

محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیموں نے ضلع جنوبی کے علاقوں نانک واڑہ اور لائٹ ہاس کے اطراف سے بھی بھی تجاوزات ہٹانے کیلئے کارروائی کی۔انسداد تجاوزات آپریشن کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کررہے تھے جبکہ علاقہ اسسٹنٹ کمشنر، پولیس، رینجرز، اینٹی اینکروچمنٹ پولیس، سٹی وارڈنز اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں۔بشیر صدیقی نے بتایاکہ شہر کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فٹ پاتھ اور سڑک کے اطراف رکھے ٹھیلے، پتھارے، کیبن، ہوٹل کا سامان، میزیں، کرسیاں، مرغیوں کے پنجرے، کھانے پینے کے مختلف اسٹالز، تخت، پنکچر شاپس کا سامان اور دیگر تجاوزات ضبط کرلی گئیں۔