پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا عالمی دن منایا گیا

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:32

پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا عالمی دن منایا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا عالمی دن منایا گیا ۔ اقوام متحدہ کی جانب سے امسال اس دن کا موضوع ’’ ہمارا طرز عمل ہمارا مستقبل ‘‘رکھاگیا ۔ اس دن کو منانے کا مقصد بھوک اور غذائی قلت کا خاتمہ اورخوراک کو ضائع ہونے سے بچانے کاشعوراجاگر تھا۔رپورٹ کے مطابق دنیا میں 80کروڑ افراد خورا ک کی شدید کمی کا شکارہیں اور اس میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے ۔

پاکستان میں20فیصد بڑے اور45فیصد بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں بھوک کی شرح بڑھتے بڑھتے یہاں تک جاپہنچی ہے کہ وہاں بھوک کا مسئلہ نیپال، پاکستان اور بنگلہ دیش سے بھی گھمبیر اور بدتر ہوگیا ہے۔ہر سال گلوبل ہنگر انڈیکس کی رپورٹ جاری کی جاتی ہے جس میں تمام ممالک میں بھوک اور غذائی قلت کا جائزہ لے کر اس کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

116 ممالک میں بھارت کا نمبر 101 ہے جو آخری بدترین ملک سے صرف 15 درجے ہی اوپر ہے۔یہ رپورٹ آئرلینڈ اور جرمنی کے اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے جس میں بھارت میں بھوک کی شرح کو خطرے کی گھنٹی قرار دیا گیا ہے۔2020 میں 107 ممالک میں بھارت کا نمبر 94 تھا اور اب 116 ملکوں کی فہرست میں گرکر 101 پر جاپہنچا ہے۔ اسی طرح جی ایچ اسکور کی شرح بھی کم ہوئی ہے جو سال 2000 میں 38.8 تھی اور 2012 اور 2021 میں بالترتیب 28.8 اور 27.5 ہوچکی ہے۔

اس مطالعے میں چار اہم عوامل کو دیکھا جاتا ہے جن میں ناکافی غذا، پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں بونا پن اور غذائی قلت، چھوٹا قداور پانچ سال کی عمر تک پہنچتے ہوئے بچوں میں اموات کی شرح کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں 116 ممالک میں پاکستان کا نمبر 92، نیپال کا نمبر 76، بنگلہ دیش بھی 76 اور میانمار 71 ویں نمبر پر ہے۔