اے این پی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، واپس لینے کا مطالبہ

مہنگائی کی ماری عوام پر پٹرول بم گرانکے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، امیرحیدر خان ہوتی مہینے میں دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابل قبول ہے، بیان

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:04

اے این پی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، واپس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدرامیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی ماری عوام پر پٹرول بم گرانکے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔مہینے میں دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابل قبول ہے۔تباہی سرکار نیپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کا سارا خمیازہ مہنگائی کی ماری غریب عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے پہلے ہی عام آدمی کا جینا محال کردیا ہے، حکومت ان کو ریلیف پہنچانے کی بجائے انکی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

رات کو سونے سے قبل عوام کو بجلی مہنگی کرنی کی نوید سنائی گئی، صبح ان پر پٹرول بم گرایا گیا۔حکومت عوام کی مشکلات کا ادراک کرے نرخوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی دہشتگردی پر اتر آئی ہے۔ عوام تاریخی مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، پیٹرول قیمتوں میں مزید اضافہ شعلوں کوہوا دینے کے مترادف ہے۔ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سول نافرمانی کی کال دینے والے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر بل جلانے والے آجکل مہنگائی کی فضیلتیں بیان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل پی ٹی آئی کے معاشی ارسطو پٹرول کو 47 اور ڈالر کو 60 روپے پر لانے کے دعوے کیا کرتے تھے، ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ڈالر اور پٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ عوام سے جھوٹے وعدے کرکے اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں کو بتانے چاہتے ہیں کہ دووقت کی روٹی کیلئے حیران و پریشان عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی رہی سہی کثر یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء ضرویہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کرکے پوری کردی گئی ہے۔ پورے پاکستان کے عوام ایک اضطراب کی کیفیت سے گزر رہے ہیں لیکن کپتان نے آج بھی آپ نے گھبرانا نہیں کی رٹ لگا رکھی ہے۔ جعلی وزیراعظم اور ان کا ٹولہ مزید پاکستان کی حالت زار پر رحم کرے اور عوام کی جان چھوڑ دے۔