عید میلاد النبیؐمنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں ،وزیراعلیٰ سندھ

میں چاہتا ہوں کہ شہر صاف ستھرا رہے ، مختلف علاقوں میں سڑکوں کی استر کاری کاکام اور نالوں کی مرمت کی گئی ہے،مراد علی شاہ کی علماء سے گفتگو

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:34

عید میلاد النبیؐمنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں ،وزیراعلیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہاس میں علما کرام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اورساتھ ساتھ ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید میلاد النبیؐمنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کریں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شہر صاف ستھرا رہے اور عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

اجلاس میں صوبائی وزرا سعید غنی ، ناصر شاہ ، فیاض بٹ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضی وہاب ، آئی جی پولیس مشتاق مہر ، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز ، کمشنر کراچی اقبال میمن ، ایڈیشنل آئی جی کراچی یعقوب منہاس ، سیکرٹری ایل جی نجم شاہ ، وزیراعلی سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ، ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر چنا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جن علما نے شرکت کی ان میں مفتی منیب الرحمان ، مفتی محمد جان نعیمی ، حاجی حنیف طیب ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور ، مولانا محمد یعقوب عطاری ، مفتی عبدالوہاب ، ثروت اعجاز قادری ، علامہ لیاقت اظہری ، حنیف رفیق پردیسی اور علامہ اکبر ڈار شامل تھے۔آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ وہ سیکوریٹی انتطامات کے حوالے سے علما کرام کے ساتھ مختلف اجلاس منعقد کر چکے ہیں ۔ اسی طرح ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی نے بتایا کہ وہ بھی علما کرام ور ان کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کر چکے ہیں اور ان کی تجاویز سے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی استر کاری کاکام اور نالوں کی مرمت کی گئی ہے۔