راجووال، پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک،2 پولیس کانسٹیبل زخمی

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:41

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ڈاکوئوں کی پولیس پر فائرنگ،دو گرفتار ڈاکو ہلاک ہو گئے ،دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تھانہ صدر پولیس ڈکیتی کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پرگرفتار ملزمان عالم شیر اور آصف کو ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے نشان دہی پر لے جارہی تھی کہ گائوں 27 ٹو ایل کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے گرفتار ساتھی ڈاکوئوں کو پولیس حراست سے چھڑوانے کے لئے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی ،حفاظت خود اختیاری کے تحت پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی،این این آئی کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ڈاکو عالم شیر اور آصف ہلاک ہو گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس کانسٹیبل امجد اور سرفراز زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،گرفتار ساتھیوں کو ہلاک اور کانسٹیبلز کو زخمی کرنے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، علاقہ بھر کی ناکہ بندی کر دی گئی۔