Live Updates

خانیوال،باسمتی پنجاب کا طر ہ امتیاز، ہائبرڈ اقسام کی کاشت کو فروغ دیا جارہا ہے ،سید حسین جہانیاں گردیزی

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 17:04

خانیوال،باسمتی  پنجاب کا طر ہ امتیاز، ہائبرڈ اقسام کی کاشت کو فروغ ..
خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ باسمتی اقسام پنجاب کا طر ہ امتیاز ہے ہائبرڈ اقسام کی کاشت کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ زیادہ پیداوار حاصل کرکے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جاسکے۔فصلوں کی کاشت سے برداشت تک نقصانات کو کم کرنے کیلئے مشینی طریقہ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

چاول کی لانگ گرین والی قسم تیار کرلی بہت جلد عام کاشت کیلئے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔ امسال دھان کی بہتر پیداوار کاشتکاروں کیلئے خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گی کیونکہ چاول کی برآمدات 3 ارب ڈالرتک بڑھنے کی توقع ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی رائس کمپنی کے تعاون سے کبیروالا میں دھان سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی باسمتی چاول اپنی خوشبو اور کوالٹی کی وجہ سے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان دنیا میں چاول برآمد کرنے والے ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے۔ امسال دھان کی فصل 53 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کی گئی ہے۔حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکاروں کی محنت و کوشش سے ہم ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے جس سے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ اور ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔

صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے اس لئے وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت موجودہ مالی سال سے قریباً300 ارب روپے کے منصوبوں پرعملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی صوبہ پنجاب میں 4 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جس کے تحت دھان کے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج اور جدید زرعی مشینری سبسڈی پر دی جا رہی ہے۔

انہوں ے مزید کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق زرعی شعبہ کو اتنا فعال اور ترقی یافتہ بنادے گی کہ ہماری زراعت بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکے گی۔ہماری کوشش ہے کہ کاشتکاروں کی مدد اور مشینی کاشت کے فروغ سے پیداواری لاگت کو کم کیا جا ئے اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے کاشتکاروں کی آمدن بڑھائی جائے۔اس موقع پر وزیر زراعت نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس غیرقانونی عمل سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جس سے صحتِ عامہ کے مسائل بڑھتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات