لاہور چیمبر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکردیا،واپس لینے کا مطالبہ

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 19:09

لاہور چیمبر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکردیا،واپس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کو مستردکرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاںنعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھ رہی ہے لیکن صنعت و تجارت اور عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت اپنے غیرپیداواری اخراجات میں کمی لاکر خود انہیں برداشت کرے کیونکہ معیشت کے دیگر شعبے اسے برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصافہ ہر شعبہ کو متاثر کرے گا چاہے وہ تجارت ہو ، برآمدی صنعتیںیا پھر زرعی شعبہ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھی ہے لیکن حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی شرح کم کرے، اس کے علاوہ غیرترقیاتی اخراجات پر بھی قابو پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اہم صنعتی خام مال ہیں اور اس قدر بھاری اضافے سے صنعتوں کی پیداواری لاگت بہت زیادہ بڑھ جائے گی جس سے اس کی مسابقت اور برآمدات متاثر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت، زراعت اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فورا واپس لے۔

متعلقہ عنوان :