کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے دوسرے روز الصغیر کلب، کراچی کنگز کلب، نیشنل کلب نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

سینٹرل کمبائنڈ اور ناظم آباد مجاہد کلب کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ،نیشنل کلب کے ارسلان حیدر نے چیمپئن شپ میں دوسری ہیٹرک کا اعزاز حاصل کرلیا

اتوار 17 اکتوبر 2021 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے دوسرے روز الصغیر کلب، کراچی کنگز کلب، نیشنل کلب نے اپنے اپنے میچ جیت لئے تاہم سینٹرل کمبائنڈ اور ناظم اباد مجاہد کلب کے درمیان کھیلا گیا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، نیشنل کلب کے ارسلان حیدر نے چیمپئن شپ میں دوسری ہیٹرک کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ الصغیر کلب نے مخالف کو گیارہ گول سے روند ڈالا، تفصیلات کے مطابق کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں جاری انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلے جانے والا ایونٹ کا چوتھا میچ الصغیر کلب اور ایئرپورٹ ایچ سی کے درمیان کھلا گیا۔

میچ کے اغاز سے ہی الصغیر کلب کے تجربہ کار کھلاڑیوں نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جس کے باعت ایئرپورٹ کلب کھیل کے تمام شعبوں میں ناکام ہوگیا، فاتح ٹیم نے حمزہ محسن کے چار، آشر احمد کے تین، سمیر سلیم، عارف حنیف، ارسلان منیر اور سلمان خورشید کے ایک ایک گول کے باعث مخالف کو صفر کے مقابلے میں گیارہ گول سے روند ڈالا، مخالف ٹیم اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی، چیمپئن شپ کے پانچویں میچ میں کراچی کنگز نے بدرالدین ایچ سی کو 0-6 سے شکست دیدی۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-2 صفر کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں بدرالدین ایچ سی کے کمزور ڈیفنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی کنگز نے یکے بعد دیگرے چار گول کرکے اپنی برتری 0-6 سے مستحکم کرلی، فاتح ٹیم کے واجد حسین، ریحان خان، صمد خان، روحان خان، وقاص خان اور عیسی خان نے ایک ایک بار گیند کو مخالف کے گول پوسٹ میں پھینک کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، سینٹرل کمبائنڈ اور ناظم اباد مجاہد کے درمیان کھیلا جانے والا چیمپئن شپ کا پانچواں میچ 2-2 گول سے برابر رہنے کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، کھیل کے اغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے، پہلے ہاف کے اختتام پر سینٹرل کمبائنڈ کلب کو 1-2 سے برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے ہاف میں ناظم اباد مجاہد کلب نے کھیل میں واپس آنے کی بھر کوشش کی جس کے باعث اخری لمحات میں راجہ تنویر نے گول کرکے میچ 2-2 گول سے برابر کردیا، سینٹرل کمبائنڈ کی جانب سے محمد ذیشان اور محمد فراز جبکہ ناظم اباد مجاہد کے عمران رشید اور راجہ تنویر ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے، دوسرے دن کھیلے جانے والے چوتھے اور چیمپئن شپ کے ساتویں میچ میں نیشنل ایچ سی نے دلچسپ مقابلے کے بعد الفیصل کلب کو 2-3 سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر نیشنل کلب کو 0-2 کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں الفیصل ایچ سی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے آصف رضا اور محمد عاقب کے گول کی مدد سے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، الفیصل کلب نیشنل ایچ سی کے فارورڈ ارسلان حیدر کے سامنے بند باندھنے میں ناکام رہی، ارسلان حیدر نے کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل ایک خوبصورت اٹیک کے ذریعے گیند مخالف کے گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کی جانب سے مسلسل تین گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت کے ساتھ ہی چیمپیئن شپ کی دوسری ہیٹرک کا اعزاز حاصل کرلیا-