آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایات پر صوبہ بھر میں سماج دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

قصور پولیس نے گذشتہ ماہ کے دوران257 خطرناک مجرمان اشتہاریوں وعدالتی مفروران سمیت 460 جرائم پیشہ افرادگرفتار کیا درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث04خطرناک ڈکیت گینگ کی14ملزمان کو گرفتار کرکے 39لاکھ 17ہزار مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا

اتوار 17 اکتوبر 2021 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور خاص طور پر اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ اسی سلسلہ میں قصور پولیس نے گزشتہ 30 دنوں میں سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور عمران کشور کی زیر قیادت پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران مجرمان اشتہاریوں وعدالتی مفروران کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی، رابری جیسی سنگین مقدمات میں ملوث 149خطرناک مجرمان اشتہاریوں جبکہ 108 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا، گرفتار مجرمان اشتہاریوں میں 17اے کیٹگری کے اشتہاری بھی شامل ہیں اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 59 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے 52 کلوگرام چرس، 355 لیٹر شراب برآمد کرکے مقدمات درج کیے،ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 106 ملزمان کے قبضہ سی09 رائفل،10 بندوق اور 82 پسٹل برآمد کرکے مقدمات درج کیے،9 قماربازی کے اڈوں پر چھاپے مارے گئے اور24 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے داؤ پر لگی ہزاروں کی رقم برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 04 خطرناک ڈکیت گینگ کے 14ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے 39 لاکھ17ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ اور جدید ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا، ملزمان کی گرفتاریوں سی30 کیسز چالان ہوئے۔ ڈی پی او قصور عمران کشور نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز کے دوران شہریوں کی ہر ممکن سہولت کو مقدم رکھا جارہاہے تاکہ عوام میں احساس تحفظ مزید اجاگر ہو اور وہ پولیس کو اپنا معاون و مددگار سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اشتہاریوں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پرجاری رہے گا۔