12ربیع الاول شایان شان طریقے سے منائیں گے،تحریک نفا ذ فقہ جعفریہ بلوچستان

اتوار 17 اکتوبر 2021 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) تحریک نفا ذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر انجینئر ہادی عسکری کی زیر صدارت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اوراسکی ذیلی تنظیموں کا اجلاس اتوارکو صوبائی سیکرٹریٹ ہزارہ ٹاون میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 12ریبع الاول کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے 12ربیع الاول کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر ہادی عسکری اور طار ق احمد جعفری،مصطفی کمال اوردیگر نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ آمد مصطفیؐ سے محروموں اور مظلوموں کو امان ملی اور انسانیت کے درد کا درماں ہوگیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آمد مصطفیٰ سے محروموں اور مظلوموں کو امان ملی اور انسانیت کے درد کا درماں ہوگیا انسان کو انسانیت سکھانے اور تہذیب و تمدن کی بنیاد رکھ کر صفحہ ہستی پر مدینہ منورہ میں پہلی اسلامی ریاست کی داغ بیل ڈال کر حبیبؐ ِکبریا نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کو فلاحی اسلامی ریاست کے قیام کا مژدہ سنایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب دنیا کفر و ظلم کے اندھیروں میں پڑی تھی اور جہالت نے معاشرے کو فساد بازاری کے پنجوں میں جکڑ رکھا تھا تو قدرت کو انسانیت پر ترس آیا اور فاران کی چوٹیوں سے وہ آفتاب ِعالم تاب طلوع ہوا جس کی کرنیں سینہ ظلمت میں اس طرح اُتریں کہ تاریکیوں کا دامن سمٹتا چلا گیا ۔انہوںنے کہا کہ آغوش آمنہ میں آنے والے بطحا کے چاند نے صحن کائنات کو اپنے نور سے منور کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ پیغام مصطفی ؐ کو عام کرکے دنیا بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمات ِنبویؐ کی اساس عدل و انصاف پر ہے لہذا دنیا سے معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے اور تمام کے حقوق برابری کی سطح پر ادا کر کے عالمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اوراسکی ذیلی تنظیمیں ہرسال کی طرح امسال بھی 12ریبع الاول کو شایان شان طریقے منائے گی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی قائدین جلوس کے روٹس پر جگہ جگہ جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کے علاوہ جلوس میں بھر پور شرکت کریں گے اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ذیراہتمام اسکولوں اورکالجوں کے طلباء کے درمیان تقریری اور نعتیہ مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔