سعودیہ ؛ فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ‘ تمام ایئرپورٹس مکمل گنجائش کے ساتھ چلنے لگے

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن ( گا کا ) نے مملکت کے ایئرپورٹس کو مکمل گنجائش کے ساتھ چلانے کے حوالے سے تمام ایئرلائنز کو ہدایات جاری کر دیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اکتوبر 2021 10:38

سعودیہ ؛ فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ‘ تمام ایئرپورٹس مکمل گنجائش ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 18 اکتوبر 2021 ) سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد آنے والی نرمیوں کے نتیجے میں فضائی آپریشن بھی مکمل طور پر بحال کرتے ہوئے تمام ایئرپورٹس مکمل گنجائش کے ساتھ چلنے لگے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کی جانب سے ملک کے تمام ایئرپورٹس کو مکمل گنجائش کے ساتھ چلانا شروع کر دیا گیا ہے ، اس ضمن میں اتھارٹی نے مملکت کے ایئرپورٹس کو مکمل گنجائش کے ساتھ چلانے کے حوالے سے تمام ایئرلائنز کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

علاوہ ازیں سعودی حکومت نے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کے لیے مفت کورونا ویکسی نیشن کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے اعلان سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے تحت وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود افراد کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگائی جائے گی ، وزارت صحت نے وزٹ ویزے پرموجود غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز مخصوص کیے ہیں ، تارکین وطن کے لیے خصوصی رابطہ نمبر بھی جاری ہوا ہے ، ٹول فری نمبر 937 پرکال کرکے ان ویکسی نیشن سینٹرز کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں اتوار کے روز سے کورونا ایس او پیز میں نرمی کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ہوگیا ہے ، جن لوگوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لے رکھی ہیں ان کے لیے متعدد رعایتوں کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس حوالے سے وزارت داخلہ نے متعدد فیصلوں پر شاہی منظوری کا اعلان کیا ہے ، جن کے تحت کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی نہیں ہوگی تاہم بند مقامات پر ماسک لگائے رکھنا ضروری ہوگا ، مسجد الحرام میں موجودگی کے دوران بھی تمام زائرین ماسک کی پابندی کریں گے ، اسی طرح مسجد نبوی میں بھی پوری گنجائش کے ساتھ زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی جہاں موجودگی کے دوران ماسک لگائے رکھنا ہوگا ، مسجد الحرام میں پوری گنجائش کے ساتھ دو خوارکیں لینے والے زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی تاہم انہیں توکلنا اور اعتمرنا سے پیشگی وقت لینا ہوگا۔