سعودی عرب میں بینک اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنے والا ایشیائی باشندہ گرفتار

ملزم کو ریاض پولیس کے کرائم کنٹرول یونٹ نے ایک علاقے میں نصب اے ٹی ایم کو توڑ کر اس میں موجود رقم چرانے کے الزام میں حراست میں لیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اکتوبر 2021 10:57

سعودی عرب میں بینک اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنے والا ایشیائی باشندہ ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 18 اکتوبر 2021 ) سعودی عرب میں بینک اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنے والے غیرملکی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق نقب لگا کر اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے کی کوشش کا یہ واقعہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آیا جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چور کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق بھارت سے بتایا گیا ہے ، ملزم کو ریاض پولیس کے کرائم کنٹرول یونٹ نے ایک علاقے میں نصب اے ٹی ایم کو توڑ کر اس میں موجود رقم چرانے کے الزام میں حراست میں لیا۔

اس حوالے سے پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی عمر 50 سال کے قریب ہے ، جس کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے پراسیکیوشن کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں کیس مکمل کرنے کے بعد مقدمہ فوجداری عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دُنیا بھر میں جرائم کرنے کے لیے نت نئے طریقے اپنائے جاتے ہیں تاہم آج کے دور میں سیکیورٹی کیمروں کی وجہ سے اب انوکھی وارداتیں کرنے والے بھی پکڑے جاتے ہیں ، رواں برس جون میں بھی ریاض پولیس نے دو مختلف وارداتوں میں اے ٹی ایمز توڑ کر 5 لاکھ ریال سے زائد رقم چوری کرنے والے دو غیر ملکی پکڑے تھے ، جن کا تعلق پاکستان سے تھا ، یہ ملزمان مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے ، جنہوں نے ریاض کے دو علاقوں میں نصب اے ٹی ایمز کو توڑ کر مجموعی طور پر 5 لاکھ 24ہزار ریال چوری کیے تھے۔

پولیس نے ان ہوشیار ملزمان کا پتا چلا کر انہیں گرفتار کر لیا تاہم ان کے قبضے سے صرف ایک لاکھ 73 ہزار ریال کی نقد رقم برآمد ہوئی، اس کے علاوہ 45 ہزار ریال مالیت کے سونے کے بسکٹ بھی ضبط کیے گئے ، اے ٹی ایم توڑنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد ہوئے جب کہ ملزمان نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔