Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو مشیر بنانے کی منظوری دے دی

شوکت ترین کو مشیر خزانہ مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 18 اکتوبر 2021 11:09

وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو مشیر بنانے کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 18اکتوبر 2021) وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو مشیر بنانے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق شوکت ترین کو مشیر خزانہ مقرر کر دیا گیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر خزانہ مدت 16 اکتوبر کو پوری ہوئی۔جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شوکت ترین آئینی قانونی طریقے کے مطابق کام جاری رکھیں گے، شوکت ترین آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے شوکت ترین امریکا گئے ہوئے ہیں، سینیٹ الیکشن تک شوکت ترین آئینی قانونی طریقے کے مطابق کام جاری رکھیں گے، شوکت ترین مدت پوری ہونے پر قانون کے مطابق نئے عہدے پر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین کے بطور وزیرخزانہ 6 ماہ کے عرصے میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر خزانہ 6 ماہ کی مدت مکمل ہوگئی ہے اور اس عرصے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کے 6 ماہ کے عرصے میں دال مونگ 65 روپے 23 پیسے دال ماش 16 روپے 86 پیسے کلو سستی ہوئی، دال چنا کی فی کلو قیمت 2 روپے 8 پیسے کم ہوئی، حالیہ 6 ما میں زندہ مرغی فی کلو 7 روپے 32 پیسے سستی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق 6 ماہ کے عرصے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 210 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں اوسط 3 روپے 23 پیسے اضافہ ہوا، گھی کی قیمت 6 ماہ میں فی کلو 46 روپے 73 پیسے بڑھی، مٹن 101 روپے7 پیسے، بیف 62 روپے 2 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

دستاویز کے مطابق دہی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 19 پیسے کا اضافہ ہوا، دال مسور25 روپے 74 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، حالیہ 6 ماہ میں انڈے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ شوکت ترین کے 6 ماہ کے دور میں پیاز 16 روپے 27 پیسے، ٹماٹر 11 روپے 38 پیسے، آلو 7 روپے 59 پیسے فی کلو اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 102 روپے 54 پیسےاضافہ ہوا، ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 6 ماہ میں 802 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا، گڑ کی فی کلو قیمت 17 روپے 24 پیسے بڑھی، تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں4 روپے 55 پیسے کا اضافہ ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات