بھارتی وزیر کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ

موجودہ حالات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہیں ہونا چاہیئے :یونین منسٹر گری راج سنگھ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 اکتوبر 2021 12:53

بھارتی وزیر کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اکتوبر 2021ء ) بھارتی وزیر نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یونین منسٹر گری راج سنگھ کی جانب سے دونوں ممالک کے مابین خراب ہوتے تعلقات کے تناظر میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 69 سالہ گری گراج سنگھ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا شیڈول میچ نہیں ہونا چاہیے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ دنوں میں ہونے والے میچ کو کسی اور سوچ کے ساتھ دیکھنے کی ضروررت ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت اچھے نہیں ہیں۔

بھارتی وزیر کے ساتھ ان کے دیگر دو وزراء نے بھی پاک بھارت میچ منسوخ کرانے کے لیے اس پر کابینہ میں بحث کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 24 اکتوبر بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز میچ کے حوالے سے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کے ساتھ میچ میں کبھی کچھ مختلف محسوس نہیں ہوا، وہ اسے صرف کرکٹ کے دیگر میچز کی طرح دیکھتے ہیں۔ پاکستانی کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز سے واقفیت قومی ٹیم کو بھارت کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔