کویت کی اہم ترین آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی‘ دھماکے کی اطلاعات

کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں پیر کی صبح آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، ساحلی علاقے فحیل کے رہائشیوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور ہائی وے پر گھنے کالے دھویں کے بادل بھی دیکھے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اکتوبر 2021 13:40

کویت کی اہم ترین آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی‘ دھماکے کی اطلاعات
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 18 اکتوبر 2021 ) کویت کی اہم ترین آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی‘ جہاں دھماکے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ، کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں پیر کی صبح آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، ساحلی علاقے فحیل کے رہائشیوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور ہائی وے پر گھنے کالے دھویں کے بادل بھی دیکھے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کویت کی ایک بڑی آئل ریفائنری میں پیر کی صبح آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، جس کی وجہ سے اٹھنے والے دھویں سے کارکن متاثر ہوئے اور کئی دیگر زخمی بھی ہوئے۔

کویت کی نیشنل پٹرولیم کمپنی کے مطابق کویت کی عرب خلیج ساحلی پٹی کے ساتھ اہم مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں لگنے والی آگ نے بجلی کی سپلائی یا تیل کی برآمدات کو متاثر نہیں کیا تاہم آگ لگنے کی وجہ سے بعض ٹھیکیداروں کے جھلسنے کی اطلاعات موصول ہوئیں جن کا قریبی ہسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کے مطابق کویت کے ساحلی علاقے فحیل کے رہائشیوں نے ایک بڑے دھماکے کی آواز سنی اور ہائی وے پر گھنے کالے دھویں کے بادل بھی دیکھے گئے ، اس حوالے سے ریاستی ریفائنر کے این پی سی نے کہا کہ ریفائنری آپریشن اور برآمدی کام متاثر نہیں ہوئے اور نہ ہی مقامی مارکیٹنگ کے کاموں اور وزارت بجلی اور سپلائی پر کوئی اثر پڑا ، فائر فائٹرز ریفائنری کے تیل کی مصنوعات سے سلفر نکالنے والے ٹریٹمنٹ یونٹ میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کویت میں دنیا کے چھٹے بڑے تیل کے ذخائر ہیں ، مینا الاحمدی آئل ریفائنری کویت کی مقامی مارکیٹ کو بنیادی طور پر پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کے لیے روزانہ 25 ہزار بیرل تیل سنبھالنے کے لیے بنائی گئی تھی اور حال ہی میں اس کے اخراج کو کم کرنے اور روزانہ کی گنجائش کو 3 لاکھ 46 ہزار بیرل تک بڑھانے کے لیے توسیع کی گئی۔