Live Updates

پرویزملک کی وفات سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے133لاہورپر5دسمبرکو ضمنی انتخاب ہوگا

تحریک انصاف کی جانب سے جمشید اقبال چیمہ نامزد‘نون لیگ کی جانب سے ابھی تک امیدوار سامنے نہیں آیا‘مہنگائی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے تحریک انصاف کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے.مبصرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 اکتوبر 2021 14:08

پرویزملک کی وفات سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے133لاہورپر5دسمبرکو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اکتوبر ۔2021 ) مسلم لیگ نون کے راہنما پرویزملک کی وفات سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 لاہور پر 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہو گا. الیکشن کمیشن نے لاہور کی نشست این اے133 پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ امیدوار 21سے 25 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جبکہ حلقے میں پولنگ 5 دسمبر کو ہو گی.

(جاری ہے)

یہ نشست مسلم لیگ (ن) لاہور کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی وفات کے بعدخالی ہو ئی تھی این اے 133 کی نشست پر مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے درمیان بڑا سیاسی معرکہ متوقع ہے تاہم حکمران جماعت تحریک انصاف کی کارکردگی اور مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام سخت ناخوش ہیں اس کے علاوہ لاہور کا یہ حلقہ مسلم لیگ نون کے حامیوں کا گڑھ سمجھاجاتا ہے.

این اے 133 کے ضمنی انتخابات کے لیے تا حال پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار کا نام سامنے نہ آسکامسلم لیگ نون امیدوار کے لیے بڑے ناموں پر غور کر رہی ہے خیال کیا جارہا ہے کہ پرویزملک کے بڑے بھائی جسٹس ریٹائرڈعبدالقیوم ملک مسلم لیگ نون کے متوقع امیدوار ہوسکتے ہیں. تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کے مشیربرائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ کا نام فائنل کیا گیا ہے تاہم اس حلقے میں ان کی کوئی عوامی پذیرائی نہیں اور نہ ہی این اے133میں تحریک انصاف جماعت کے طور پر زیادہ متحرک رہی ہے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ کا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر یہ تیسرا الیکشن اور تیسرا حلقہ ہوگا تاہم ابھی تک وہ کسی الیکشن میں کامیاب نہیں ہوئے جمشید چیمہ اس وقت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں.

جمشید اقبال چیمہ2013 کے الیکشن سے قبل تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے انہوں نے پہلا الیکشن2013میں لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی146 سے لڑا جس میں انہوں نے23841 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ مسلم لیگ نون کے ملک محمد وحید نے 55850 ووٹ لیکر یہ نشست جیت لی تھی. 2018 این اے 127 میں جمشید اقبال چیمہ کو ایک بارپھر شکست کا سامنا کرنا پڑا 2018 کے الیکشن میں این اے 133 میں تحریک انصاف کے اعجاز چوہدری نے77231 ووٹ لیے جبکہ نون لیگ کے پرویز ملک(مرحوم)89678 ووٹ لیکر جیت گئے تھے.

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لاہور کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ نون کی جیت کے بعد حکمران جماعت تحریک انصاف کے لیے یہ ایک اہم اور مشکل معرکہ ہوگا دوسری جانب تحریک کو موجودہ حالات میں مہنگائی کے باعث شدید عوامی ردعمل کا سامنا بھی ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات